وزیراعظم محمد شہبازشریف سے پاکستان میں امریکہ کے سفیر کی ملاقات

اسلام آباد۔26جنوری (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے، پاکستان اور امریکہ کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں امریکہ کے سفیر ڈونلڈ بلوم سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعرات کو یہاں ان سے ملاقات کی۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم اس موقع پر جنیوا میں حال ہی میں منعقد ہونے والی ریزیلیئنٹ پاکستان بین الاقوامی کانفرنس سمیت سیلاب کے بعد پاکستان کی تعمیر نو اور بحالی کی کوششوں کے لئے امریکہ کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے پاکستان کے امریکہ کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان منظم اور وسیع البنیاد رابطے دوطرفہ اور علاقائی شعبوں میں دونوں ممالک کے مشترکہ اہداف کو آگے بڑھانے کے عمل کے حوالہ سے اہم ہے۔ اس موقع پر امریکی سفیر نے کہا کہ امریکہ سیلاب سے بحالی کے ساتھ ساتھ معاشی ترقی اور اصلاحات کے لئے حکومت پاکستان کی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔