وزیراعظم محمد شہبازشریف کا اقوام متحدہ کی امن سپاہ کے عالمی دن پر پاکستانی امن دستوں کی کاوشوں اور قربانیوں کو خراج تحسین

وزیر اعظم محمد شہباز شریف کا کاہان میں آپریشن کے دوران شہید ہونے والے پاک فوج کے جوانوں کو خراج عقیدت

اسلام آباد۔29مئی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہبازشریف نے اقوام متحدہ کی امن سپاہ کے عالمی دن پر پاکستانی امن دستوں کی کاوشوں اور قربانیوں کو خراج تحسین کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی امن کا قابل فخر فرض نبھانے والے اقوام متحدہ کے امن دستوں کو سلام پیش کرتے ہیں، اقوام متحدہ کی امن کارروائیوں میں سب سے زیادہ 2 لاکھ دستے فراہم کرنا پاکستان کی امن دوستی اور امن پسندی کا مظہر ہے۔

اتوار کو اقوام متحدہ کی امن سپاہ کے عالمی دن کے موقع پر اپنے سیریز آف ٹویٹ میں وزیر اعطم محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستانی امن سپاہ کی قربانیوں اور کاوشوں کا موجودہ سیکرٹری جنرل سمیت اقوام متحدہ کے ادارے اور عالمی سطح پر اعتراف اعزاز ہے، 1960 سے 2022 تک پاکستانی امن دستوں میں شامل افسروں اور جوانوں نے قابل فخر اور مثالی کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قوم کے بیٹے اور بیٹیوں نے دنیا بھر میں قیام امن، انسانی خدمت اور مثالی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ امن کارروائیوں کے دوران پاکستان کے169 بیٹوں نے شہادت کا عظیم مرتبہ پایا ،ہم شہداکو سلام پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں افواج پاکستان کے پیشہ وارانہ طرزعمل اور مشکل ترین حالات میں مثالی کارکردگی کا اعتراف باعث افتخار ہے، امن کارروائیوں کے لئے مسلح افواج، رینجرز، ایف سی اور پولیس کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔