وزیراعظم محمد شہبازشریف کی کوششیں رنگ لے آئیں، موسمیاتی نقصانات کے ازالہ کے لئے عالمی فنڈ قائم کر دیاگیا

وزیراعظم محمد شہبازشریف کی کوششیں رنگ لے آئیں، موسمیاتی نقصانات کے ازالہ کے لئے عالمی فنڈ قائم کر دیاگیا

اسلام آباد۔20نومبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہبازشریف کی کوششیں رنگ لے آئی ہیں۔ موسمیاتی نقصانات کے ازالہ کے لئے عالمی فنڈ قائم کر دیاگیا ہے جو موسمیاتی تباہی کے شکار غریب ممالک کے لئے ایک بڑی خوش خبری ہے۔ وزیر اعظم آفس میڈیا ونگ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق کوپ27 کے موقع پر نئی تاریخ لکھی گئی ہے جس میں سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ سمیت عالمی قائدین نے اہم کردار ادا کیا ۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈیمیج اینڈ لاس فنڈ کا قیام موسمیاتی انصاف کی طرف عملی پیش رفت ہے ۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف، وزیر خارجہ بلاول زرداری اور وزیر موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان نے موسمیاتی انصاف کے لئے علاقائی اور عالمی سطح پر بھرپور آواز بلند کی تھی۔ ڈیمیج اینڈ لاس فنڈ کے ذریعے سیلاب سمیت دیگر موسمیاتی نقصانات کے شکار ممالک کو مالی معاونت مل سکے گی۔ پاکستان میں سیلاب متاثرین کی بحالی اور تعمیر نو میں بڑی مدد ملے گی ۔

پیرس معاہدہ اور گرہن مارشل پلان کے مقابلہ میں کوپ 27نے عملی قدم اٹھا کر تاریخ رقم کی ہے۔کوپ 27کا سربراہی اجلاس شرم الشیخ، مصر میں 7 اور8 نومبر کو منعقد ہوا تھا۔کانفرنس اور مصر کے صدر کی خصوصی دعوت پر وزیراعظم محمد شہباز شریف اجلاس میں شریک ہوئے تھے۔ وزیراعظم “ڈیمیج اینڈ لاس” کے موضوع پر موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق گول میز کانفرنس کے شریک صدر نشین تھے ۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف کا کانفرس سے خطاب کا بڑا حصہ موسمیاتی تبدیلیوں کے نقصانات اور ان کے ازالہ پر مشتمل تھا ۔وزیراعظم نے عالمی برادری پر موسمیاتی انصاف کی فراہمی اور ڈیمیج اینڈ لاس فنڈ کے قیام پر زور دیا تھا ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ موسمیاتی تبدیلوں سے لاحق خطرات سے نمٹنے میں یہ فنڈ ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔