وزیراعظم شہباز شریف سے ملالہ فنڈ کی شریک بانی ملالہ یوسفزئی کی ملاقات

وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملالہ فنڈ کی شریک بانی ملالہ یوسفزئی کی ملاقات

نیویارک۔24ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف سے نوبل انعام یافتہ ملالہ فنڈ کی شریک بانی ملالہ یوسفزئی نے ملاقات کی۔ جمعہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملالہ فنڈ کی شریک بانی ملالہ یوسفزئی کی ملاقات اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77ویں اجلاس کے موقع پر ہوئی۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے ملالہ یوسفزئی کی جانب سے سماجی مسائل بالخصوص بچیوں کی تعلیم پر بین الاقوامی سطح پر وکالت کو سراہا۔ وزیراعظم نے حالیہ موسمیاتی سیلاب سے ہونے والے نقصانات اور تباہی پر روشنی ڈالی جس سے بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا۔ وزیراعظم نے سیلاب سے تعلیمی انفراسٹرکچر پر مرتب ہونے والے اثرات پر اپنی تشویش کا اظہار کیا۔

ملالہ یوسفزئی کی ہمت اور لگن کو سراہتے ہوئے وزیراعظم نے تعلیم، صنفی مساوات اور پاکستان میں مرد و خواتین دونوں کیلئے سیکھنے کے مواقع میں اضافہ کیلئے حکومت کی کوششوں پر روشنی ڈالی۔ وزیراعظم نے پاکستان میں بچیوں کی تعلیم کو ترجیح دینے اور اس کی ترغیب دینے کیلئے حکومت کے منصوبوں اور سکیموں سے بھی آگاہ کیا اور ملالہ فنڈ کی وزارت تعلیم کے ساتھ شراکتداری کو سراہا۔

ملالہ نے اس موقع پر تمام بچیوں کیلئے تعلیم کے حق کو فروغ دینے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ پاکستان میں حالیہ سیلاب سے بہت سے سکول تباہ ہوگئے۔ انہوں نے پسماندہ بچوں بالخصوص بچیوں کی مدد کیلئے اپنے عزم کا اظہار کیا۔

ملالہ نے تباہ کن سیلاب کے اثرات سے نمٹنے بالخصوص بچیوں کی تعلیم تک رسائی کیلئے پاکستان کی کوششوں کیلئے ملالہ فنڈ کی معاونت کا یقین دلایا۔