اسلام آباد۔30جنوری (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آذربائیجان کے ساتھ باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا ہے کہ پاکستان اور آذربائیجان کے مابین پاکستان میں 2 ارب امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کا معاہدہ حتمی شکل اختیار کیے جانے کے قریب ہے۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی …
وزیراعظم محمد شہباز شریف کا آذربائیجان کے ساتھ باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔30جنوری (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آذربائیجان کے ساتھ باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا ہے کہ پاکستان اور آذربائیجان کے مابین پاکستان میں 2 ارب امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کا معاہدہ حتمی شکل اختیار کیے جانے کے قریب ہے۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے جمہوریہ آذربائیجان کے صدر کے خصوصی اسائنمنٹس کیلئے ان کے نمائندے خلف خلفوف نے جمعہ کو یہاں وزیر اعظم ہائوس میں ملاقات کی۔
آذربائیجان کے معزز مہمان کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیراعظم نے پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان گرمجوشی کے ساتھ برادرانہ تعلقات کا ذکر کیا اور آذربائیجان کے ساتھ باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے آذر بائیجان کے صدر الہام علیووف کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے صدر الہام علیووف کی دانشمندانہ قیادت کی تعریف کی جس نے آذربائیجان کا عالمی پروفائل بلند کیا۔ انہوں نے صدر علیووف کے ساتھ اپنی متعدد اہم ملاقاتوں کا ذکر کیا جن میں گزشتہ نومبر میں باکو میں وکٹری پریڈ کے موقع پر ہونے والی ملاقات بھی شامل تھی۔
وزیراعظم نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ دونوں فریق پاکستان میں آذربائیجان کی طرف سے 2 بلین امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدے کو حتمی شکل دینے کے قریب ہیں۔ وزیراعظم نے صدر علیووف کو جلد از جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت کا اعادہ کیا۔ملاقات میں علاقائی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے علاقائی امن و سلامتی کو برقرار رکھنے کے مشترکہ مقصد کے حصول کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان باقاعدگی سے اور قریبی رابطہ قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
آذربائیجان کے صدر کے نمائندے نے وزیر اعظم کو صدر علیووف کا نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا اور وزیر اعظم کے وژن اور قیادت کی تعریف کی جس نے پاکستان کو نہ صرف اقتصادی محاذ بلکہ سکیورٹی اور سفارتی میدان میں بھی بہت سی کامیابیوں سے ہمکنار کیا۔ انہوں نے دوسری کاراباخ جنگ کے دوران آذربائیجان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہونے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور جموں و کشمیر پر آذربائیجان کے دیرینہ موقف کا اعادہ کیا ۔ نمائندے نے صدر علیووف کا ایک خط بھی وزیر اعظم کے حوالے کیا جس میں آذربائیجان کی طرف سے اسلام آباد میں اس ماہ کے شروع میں افتتاح کیے گئے آسان خدمت مرکز کے قیام کے لیے فراہم کردہ تعاون پر وزیر اعظم کے تعریفی پیغام کو تسلیم کیا گیا ہے۔








