اسلام آباد ۔ 21 مئی (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی گزشتہ حکومتیں ہی ملکی معیشت کی تباہی و بربادی کی ذمہ دار ہیں جنہوں نے کرپشن اور منی لانڈرنگ سے ملکی معیشت کو بہت زیادہ نقصان پہنچایا۔ ہم وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملکی معیشت کے …
وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 21 مئی (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی گزشتہ حکومتیں ہی ملکی معیشت کی تباہی و بربادی کی ذمہ دار ہیں جنہوں نے کرپشن اور منی لانڈرنگ سے ملکی معیشت کو بہت زیادہ نقصان پہنچایا۔ ہم وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملکی معیشت کے استحکام کے لیے بھی کوشاں ہیں اور عوام کو دئیے گئے گزشتہ حکومتوں کے زخموں پر مرہم بھی رکھ رہے ہیں اور پرعزم ہیں کہ ہمارا ملک ایک ترقی یافتہ اور خوشحال ملک بن کر دنیا کے نقشے پر سامنے آئے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کی معیشت کے علاج اور اسے بچانے کی ضرورت ہے جس کے لیے حکومت موثر اور اہم اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے جب اقتدار سنبھالا تو ملکی معیشت بالکل تباہ تھی اور ملک دیوالیہ ہونے جا رہا تھا لیکن وزیراعظم عمران خان نے اقتدار سنبھالتے ہی نہ صرف ملکی معیشت کے استحکام کے لیے اقدامات شروع کیے بلکہ عوام کے ریلیف کے لیے بھی اقدامات اٹھائے، موجودہ حکومت اور وزیراعظم عمران خان کی موثروکارآمد پالیسیوں ہی کا نتیجہ ہے کہ آج ملکی معیشت درست سمت پر گامزن ہو چکی ہے جس کا اعتراف عالمی اعدادو شمار میں بھی کیا جا رہا ہے۔ معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ وہ بیرونی سرمایہ کار جو پاکستان سے بھاگ گئے تھے ، وزیراعظم عمران خان کی ایماندار اور دیانتدار قیادت پر اپنے اعتماد کا بھرپور اظہار کرتے ہوئے دوبارہ سے پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں جو انتہائی خوش آئند بات ہے جس سے ملکی ترقی و خوشحالی میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 10 سال تک ملکی معیشت کو تباہ و برباد کرنے والی سیاسی جماعتیں آج حکومت کو درس دے رہی ہیں، جب یہ لوگ ملکی معیشت کا بیڑہ غرق کر رہے تھے تب انہیں ملک اور عوام کا خیال کیوں نہیں آیا، گزشتہ حکومتوں کی کارستانیوں کا خمیازہ ہی آج موجودہ حکومت اور عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے لیکن اس کے باوجود ہم پرعزم ہیں کہ ملک کو اندھیروں سے نکالنے میں کامیاب ہونگے اور ملک آگے بڑھے گا۔








