وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا اے پی پی ایمپلائز یونین کی جانب سے دیئے گئے استقبالیے سے خطاب

اسلام آباد ۔ 11 دسمبر (اے پی پی)وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی ) سمیت دیگر ریاستی میڈیا کی ذمہ داری قومی بیانیہ کو تقویت دینا ہے ،ریاستی میڈیا پاکستان کے روشن تشخص کو روشناس کرانے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے،وزیراعظم کی ہدایات پر اے پی پی کو مضبوط ریاستی …

اسلام آباد ۔ 11 دسمبر (اے پی پی)وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی ) سمیت دیگر ریاستی میڈیا کی ذمہ داری قومی بیانیہ کو تقویت دینا ہے ،ریاستی میڈیا پاکستان کے روشن تشخص کو روشناس کرانے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے،وزیراعظم کی ہدایات پر اے پی پی کو مضبوط ریاستی ادارہ بنانے کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں ۔ وہ بدھ کی شام مقامی ہوٹل میں اے پی پی ایمپلائز یونین کی جانب سے دیئے گئے استقبالیے سے خطاب کر رہیں تھیں ۔وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اے پی پی ایک ایسا ادارہ ہے جس کے ساتھ پاکستان کا نام جڑا ہوا ہے،اے پی پی میں کام کرنے والوں کا رشتہ پاکستان کے ساتھ قائم ہے۔انہوں نے کہا کہ اے پی پی کو ایک مستند ادارہ بنانا وزیراعظم عمران خان کا ویژن ہے جبکہ اداروں کو فعال اور با اختیار بنانا ہماری ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے اس ادارے کی بہتری کے لیے یونین سمیت تمام کارکنان کو ساتھ لیکر چلنا ہے،ادراے کے حقیقی سٹیک ہولڈرز اس کے کارکنان ہیں۔انہوں نے کہا کہ اے پی پی میں اصلاحات کا عمل جاری ہے،ادارے کی بہتری کے لیے ایم ڈی اے پی پی طارق محمود خان کی کاوشوں کو سراہتی ہوں۔انہوں نے کہا کہ میڈیا ریاست کا چوتھا ستون،اسے مزید طاقتور بنانا ہے۔وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ معاشرے میں اعلی روایات کی ترویج کے لیے میڈیا کا کلیدی کردارہے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ میڈیا ورکرز کے حقوق کے تحفظ کیلئے لئے اپنا کردار جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ اے پی پی میں اقلیتوں کے کوٹے کو نافذ العمل کیا جائے گا، اے پی پی میں معذوروں کے دو فیصد کوٹے پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا،اس ادارے میں خواتین کی زیادہ سے زیادہ حوصلہ افزائی کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اے پی پی یونین پی ایف یو جے اور پریس کلبز میں بھی خواتین کا کوٹہ مختص ہونا چاہیے ۔ ایم ڈی اے پی پی طارق محمود خان نے کہا کہ وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی قیادت میں اے پی پی میں اصلاحات کا عمل جاری ہے، اے پی پی کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے ساتھ ساتھ اے پی پی کے ایڈیٹوریل سٹاف کی استعداد کار میں اضافے کے لئے تمام صلاحیتیں و وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اے پی پی حکومتی اقدامات اور قومی بیانیئے کے فروغ کے لئے اردو اور انگریزی کے علاوہ سندھی، پشتو، بلوچی، سرائیکی، براہوی اور عربی سمیت مختلف زبانوں میں خبروں کی سروس فراہم کر رہی ہے۔ اے پی پی ایمپلائز یونین کے صدر شہزاد چوہدری نے کہا کہ اے پی پی کی موجودہ انتظامیہ اور وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی سربراہی میں اے پی پی کے ملازمین کے دیرینہ مسائل حل ہو رہے ہیں۔

مزید خبریں