وزیراعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم کا تقریب سے خطاب

اسلام آباد ۔ یکم اگست (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ ہمارے پاس زمین بھی ہے ،سیاسی عزم بھی اور قابل ترین لوگ بھی ہیں، ہم دنیا کو 10ارب درختوں کا ہدف حاصل کرکے دکھائیں گے۔ پاکستان میں45فی صد زمین چرا گاہوں پر مشتمل ہے جس کو با آسانی جنگلات میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔ چند سال بعد جنگلات …

اسلام آباد ۔ یکم اگست (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ ہمارے پاس زمین بھی ہے ،سیاسی عزم بھی اور قابل ترین لوگ بھی ہیں، ہم دنیا کو 10ارب درختوں کا ہدف حاصل کرکے دکھائیں گے۔ پاکستان میں45فی صد زمین چرا گاہوں پر مشتمل ہے جس کو با آسانی جنگلات میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔ چند سال بعد جنگلات کے حوالے سے پاکستان سے ایسی خبریں آئیں گی کہ پاکستانیوں کا سرفخر سے بلند ہو جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عالمی ادارہ برائے خوراک و زراعت نے جمعرات کو یہاں ایک تقریب کا اہتمام کیا جس میں’ جنگلات کا مستقبل‘اور ’پاکستان جنگلات ریویو 2019ءنامی دورپورٹیں لانچ کی گئیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمارا لائحہ عمل بہت واضح ہے۔ موجودہ حکومت پاکستان کی تاریخ کی واحد حکومت ہے جس نے نامساعد معاشی حالات کے باوجود جنگلات کی ترقی کے لئے فنڈز مختص کیے۔ پاکستان ایکوسسٹم بحالی فنڈ کے نام سے ایک فنڈ قائم کر ے گا جو جنگلات ،جنگلی حیات اور ماحولیاتی شعبوں میں انقلاب برپا کرے گا۔ انہوں نے گذشتہ دنوں چین میں ہونے والی ایک کانفرنس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر چین صحرائے کا بوچی کو ہر بھرے جنگلات میں بدل سکتا ہے تو ہم کیوں نہیں۔