وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان سے پاکستان میں کویت کے سفیر ناصر عبدالرحمن جاسم المطیر نے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات اور اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار سے پاکستان میں کویت کے سفیر کی ملاقات

مزید خبریں
اسلام آباد۔26مارچ (اے پی پی):وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان سے پاکستان میں کویت کے سفیر ناصر عبدالرحمن جاسم المطیر نے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات اور اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں سیکرٹری صنعت سیف انجم، سیکرٹری تجارت جواد پال اور ڈی جی نیشنل لاجسٹکس کارپوریشن میجر جنرل فرخ شہزاد راؤ بھی موجود تھے۔
وزارت صنعت و پیداوار کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ہارون اختر خان نے اس موقع پر کہا کہ کویت پاکستان کا برادر ملک ہے اور دونوں ممالک کے درمیان مضبوط اور دیرینہ تعلقات قائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میاں محمد شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان خطے میں امن کے قیام کے لیے فعال کردار ادا کر رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے خلیجی ممالک کو اضافی خوراک کی برآمد بڑھانے کے لیے خصوصی کمیٹیاں تشکیل دی ہیں جبکہ پاکستان اور کویت کے درمیان بزنس ٹو بزنس روابط اور سرمایہ کاری کے مواقع کو مزید وسعت دینے پر بھی زور دیا جا رہا ہے۔ہارون اختر خان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک بڑی منڈی ہے جو قدرتی وسائل اور خوبصورتی سے مالا مال ہے اور حکومت کویت کے ساتھ سرمایہ کاری اور برآمدات میں تعلقات مزید مستحکم بنانا چاہتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا وژن خلیجی ممالک کے ساتھ روابط کو فروغ دے کر باہمی خوشحالی کو یقینی بنانا ہے۔کویتی سفیر ناصر عبدالرحمن نے مشکل حالات میں پاکستانی عوام کے تعاون کو سراہتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کویت خوراک، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور تجارت کے شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون کو مزید وسعت دے گا۔اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ موبائل فون ڈیوائسز، لاجسٹکس، کارگو اور ٹرانسپورٹیشن کے شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں ۔








