وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار سے ازبکستان کے ناوئی ریجن کے گورنر کی ملاقات
وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار سے ازبکستان کے ناوئی ریجن کے گورنر کی ملاقات
اسلام آباد۔2مئی (اے پی پی):وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان سے ازبکستان کے ناوئی ریجن کے گورنر نورمت ترسنوف نے ملاقات کی ہے۔ملاقات میں پاکستان میں ازبکستان کے سفیر علی شیر تختایف، سیکرٹری صنعت و پیداوار اور فوڈ سیکرٹری سیف انجم سمیت اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔
وزارت صنعت و پیداوار کے مطابق ہارون اختر خان نے ازبک وفد کا پرتپاک استقبال کیا اور پاکستانی عوام کی جانب سے خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر پاکستان سے ازبکستان کو زندہ جانوروں کی برآمد کی تجویز زیرِ غور لائی گئی۔ ہارون اختر خان اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ ازبکستان کا دورہ کریں گے۔ ملاقات کے دوران فریقین نے ادویات، لیدر اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا اور بی ٹو بی روابط، گوشت کی برآمدات اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر زور دیا۔
اس موقع پر وزیراعظم کے وژن کے تحت تجارتی تعلقات مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیاگیا۔ ہارون اختر خان کی جانب سے ازبک گورنر کو یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔ فریقین نے ایک دوسرے کے عوام اور حکومتی سربراہان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔









