اسلام آباد ۔ 24 مارچ (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز سید ذوالفقار بخاری نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت صوبوں کے تعاون سے سیاحت کو پرکشش بنانے کیلئے انڈوومنٹ فنڈ قائم کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ اس کا فیصلہ نیشنل ٹورازم کوارڈی نیشن بورڈ کے پہلے اجلاس میں کیا گیا۔ اے پی پی کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے ذوالفقار بخاری جو نیشنل ٹورازم …
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز سید ذوالفقار بخاری کا اے پی پی کو انٹرویو

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 24 مارچ (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز سید ذوالفقار بخاری نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت صوبوں کے تعاون سے سیاحت کو پرکشش بنانے کیلئے انڈوومنٹ فنڈ قائم کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ اس کا فیصلہ نیشنل ٹورازم کوارڈی نیشن بورڈ کے پہلے اجلاس میں کیا گیا۔ اے پی پی کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے ذوالفقار بخاری جو نیشنل ٹورازم کوارڈی نیشن بورڈ کے چیئرمین بھی ہیں نے کہا کہ بورڈکے پہلے اجلاس میں سیاحت کے شعبہ میں پائیدار ترقی کیلئے مستقل پالیسی کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت کی صنعت کے فروغ کیلئے ملک کے مثبت تاثر کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ صوبوں کے درمیان مضبوط رابطہ کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بورڈ کی اولین ترجیحات میں مقامی سیاحت کو مقامی لوگوں کی ترقیاتی عمل میں شمولیت سے فروغ دینا ہے جبکہ دوسری ترجیح سیاحتی مقامات کو ایک برانڈ کی طرح بنانا ہے یہ بیرونی ممالک کے سیاحوں کیلئے بورڈ کی حکمت عملی کا ایک بنیادی حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ سیاح دوست ماحول کی فراہمی کیلئے مختلف اقدامات پر کام کر رہا ہے جس کے تحت سیاحوں اور سفر کرنے والوں کو معیاری سروسز کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی جبکہ اس کے ساتھ ساتھ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی اعتماد میں لیا جائے جو سیاحوں کو یہاں قیام کے دوران فول پروف سیکورٹی فراہم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ انفراسٹرکچر کی ترقی کیلئے یہ بورڈ صوبوں کی بھی معاونت کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ کے تحت مارکیٹنگ ٹاسک فورس قائم کی گئی ہے جسے کہا گیا ہے کہ وہ مخصوص ممالک میں سوشل میڈیا کے ذریعے ملک میں مختلف سیاحتی مقامات کو اجاگر کرنے کیلئے مہم چلائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے سیاحوں کیلئے ویزا پالیسی میں تبدیلی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 155 ممالک کو پاکستان آمد پر ویزا کی توسیع کی سہولت سے دنیا تک یہ واضح پیغام گیا ہے کہ پاکستان میں سرمایہ کاروں ، تاجروں اور سیاحوں کیلئے دروازے کھلے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی اداروں کو بھی ٹورازم ٹاسک فورس میں شامل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کے سچے سفیر ہیں، ان کی وزارت مختلف ممالک میں سیاحت کے فروغ کیلئے آگاہی مہم شروع کرنے کیلئے انہیں بھی ساتھ ملائے گی۔








