وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار کی زیرصدارت علی بابا ڈاٹ کام کے وفد کے ساتھ اعلیٰ سطحی اجلاس، کاروباری اداروں کی برآمدی صلاحیت بڑھانے کے لیے تعاون کے مواقع پر تبادلہ خیال

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار کی زیرصدارت علی بابا ڈاٹ کام کے وفد کے ساتھ اعلیٰ سطحی اجلاس، کاروباری اداروں کی برآمدی صلاحیت بڑھانے کے لیے تعاون کے مواقع پر تبادلہ خیال

اسلام آباد۔15جون (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے اسلام آباد میں علی بابا ڈاٹ کام کے وفد کے ساتھ اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی جس میں پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت کو مضبوط بنانے، صنعتی ترقی کے فروغ اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کی برآمدی صلاحیت بڑھانے کے لیے تعاون کے مختلف مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں وفاقی سیکریٹری صنعت و پیداوار سیف انجم، چیف ایگزیکٹو افسر سمیڈا نادیہ جے سیٹھ، جوائنٹ سیکریٹری صنعت و پیداوار فریدون اکرم شیخ اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

وزارت صنعت و پیداوار سے جاری بیان کے مطابق اجلاس کے دوران سمیڈا کے تعاون سے ’’ڈیجی ایس ایم ای پاکستان‘‘ منصوبے پر عملدرآمد، صنعتی ترقی اور پاکستان کی عالمی آن لائن برآمدی رسائی میں اضافے سے متعلق اہم امور پر گفتگو کی گئی۔علی بابا ڈاٹ کام کے وفد نے اجلاس میں مصنوعی ذہانت پر مبنی جدید حل پیش کیے جن کا مقصد پاکستانی چھوٹے اور درمیانے کاروباری اداروں کی معاونت، کاروباری کارکردگی میں بہتری اور انہیں عالمی منڈیوں تک موثر رسائی فراہم کرنا ہے۔اس موقع پر ہارون اختر خان نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کا حالیہ دورہ چین اور علی بابا گروپ کے ساتھ طے پانے والی مفاہمتی یادداشتیں پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے اہم سنگ میل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علی بابا ڈاٹ کام کی خدمات پاکستانی کاروباری اداروں کو ڈیجیٹل تجارت کے ذریعے عالمی منڈیوں سے منسلک کرنے میں مدد دیں گی جس سے برآمدات میں اضافہ اور نئے معاشی مواقع پیدا ہوں گے۔

علی بابا ڈاٹ کام کے وفد نے کہا کہ پاکستان کی معیاری مصنوعات عالمی خریداروں تک رسائی کے لیے علی بابا ڈاٹ کام کے ڈیجیٹل پلیٹ فارم سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔ وفد نے مصنوعی ذہانت پر مبنی تجارت کے مثبت اثرات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ علی بابا ڈاٹ کام کے جدید نظام پاکستانی فروخت کنندگان کو عالمی طلب سے منسلک کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔وفد نے مزید کہا کہ کمپنی مقامی مائیکرو، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کی برآمدی ترقی کے لیے خصوصی ڈیجیٹل خدمات اور معاونت فراہم کرنے کے عزم پر قائم ہے۔ اس اقدام کے تحت کمپنی پاکستانی کاروباری اداروں کو آن لائن برآمدات، ڈیجیٹل تجارت اور برقی تجارت کے بہترین طریقہ کار سے متعلق ضروری مہارت فراہم کرنے کے لیے خصوصی تربیتی نشستیں بھی منعقد کرے گی۔

ہارون اختر خان نے سمیڈا کو ہدایت کی کہ وہ علی بابا ڈاٹ کام کے ساتھ قریبی تعاون کو یقینی بنائے تاکہ مائیکرو، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری ادارے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز سے موثر فائدہ اٹھا سکیں اور عالمی برقی تجارت میں پیدا ہونے والے نئے مواقع سے مستفید ہو سکیں۔ اجلاس میں پاکستان کے چھوٹے اور درمیانے کاروباری شعبے کی ڈیجیٹل تبدیلی اور عالمی سطح پر توسیع کے لیے تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کا اظہار کیا گیا۔

 

مزید خبریں