وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے پٹرولیم ندیم بابر کا اجلاس سے خطاب

اسلام آباد ۔ 28 ستمبر (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے پٹرولیم ندیم بابر نے کہا ہے کہ پاکستان نے گھریلو اور تجارتی مانگ کی بڑھتی ہوئی طلب کے دوران خاص طور پر موسم سرما میں ملک میں سپلائی میں خلل پڑنے سے متعلق گیس کے ہنگامی ذخیرے کی تعمیر پر غور شروع کر دیا ہے، سٹرٹیجک زیر زمین گیس ذخیرہ (ایس یو جی ایس) کی تعمیر ملک …

اسلام آباد ۔ 28 ستمبر (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے پٹرولیم ندیم بابر نے کہا ہے کہ پاکستان نے گھریلو اور تجارتی مانگ کی بڑھتی ہوئی طلب کے دوران خاص طور پر موسم سرما میں ملک میں سپلائی میں خلل پڑنے سے متعلق گیس کے ہنگامی ذخیرے کی تعمیر پر غور شروع کر دیا ہے، سٹرٹیجک زیر زمین گیس ذخیرہ (ایس یو جی ایس) کی تعمیر ملک میں توانائی کی مسلسل فراہمی اور مستحکم قیمت پر فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے حکومت کی پالیسی کا ایک حصہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزارت توانائی پٹرولیم ڈویژن میں زیر زمین گیس ذخیرہ کرنے کیلئے سہولت کی تعمیر سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) اس پراجیکٹ کے لئے پاکستان کی معاونت کر رہا ہے اور یورپی آئل اینڈ گیس کے سازوسامان کی کمپنیاں بھی اس منصوبے میں شامل ہیں۔ اسٹریٹجک انڈر گراو¿نڈ سٹوریج (ایس یو جی ایس) کی تعمیر کی وضاحت کرتے ہوئے معاون خصوصی نے کہا کہ پاکستان نے خاص طور پر موسم سرما میں گھریلو اور تجارتی مانگ کی بڑھتی ہوئی طلب کے دوران ملک میں سپلائی میں خلل پڑنے سے متعلق گیس کے ہنگامی ذخیرے کی تعمیر پر غور کیا ہے۔ اجلاس کے اختتام پر دونوں فریقوں نے زیر زمین گیس ذخیرہ کرنے کے طریقہ کار سے متعلق مطالعہ رپورٹ کو تیزی سے مئی 2021ءتک مکمل کرنے پر اتفاق کیا تاکہ سہولت کی تعمیر کے لئے فنڈز کی دستیابی کو مقررہ وقت پر یقینی بنایا جا سکے۔ حتمی رپورٹ گیس سٹوریج فیسلیٹی کی جسامت، نمونے اور سیکیورٹی کی فراہمی کے حوالے سے خاکہ مہیا کرے گی۔ اس سے قبل 2019ءمیں وزیر توانائی اور معاون خصوصی پٹرولیم نے سٹرٹیجک سٹوریج گیس فیسلیٹی کے حوالے سے ایشیائی ترقیاتی بینک سے تبادلہ خیال کیا تھا جو اس منصوبے کے لئے فزیبلٹی سٹڈی کرنے پر راضی ہوگئے تھے اورگرانٹ بھی مختص کی گئی تھی۔ انٹر اسٹیٹ گیس سسٹمز (پرائیویٹ) لمیٹڈ جو مکمل طور پر حکومتی ملکیتی ادارہ ہے اس پراجیکٹ کا فوکل ادارہ ہوگا۔ حال ہی میں ایشیائی ترقیاتی بینک نے اپنی مسابقتی بولی کے عمل سے سٹوریج کے لئے فزیبلٹی رپورٹ کو تیار کرنے کے لئے بین الاقوامی مشیر مقرر کیا ہے۔ حکومت اس منصوبے کو گیس انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس (جی آئی ڈی سی) کے ذریعے مالی اعانت فراہم کرے گی۔ بین الاقوامی گیس معاہدوں کے تحت درآمدی گیس کی وابستگی کی فراہمی اور ملک میں تیزی سے بڑھتی ہوئی گیس کی مانگ کے پیش نظر ملک میں زیر زمین قدرتی گیس ذخیرہ کرنے کی سہولیات معاشی پیشرفت کے ساتھ گیس کی مسلسل فراہمی برقرار رکھنے کیلئے اہم کردار ادا کرے گی۔ اس منصوبے سے پائیدار معاشی نمو کے لئے بلاتعطل گیس کی فراہمی سے پاکستان کی ترقی میں بھی نمایاں اضافہ ہوگا۔