اسلام آباد ۔ 23 اپریل (اے پی پی) وزیراعظم کے کورونا ریلیف فنڈ کے سلسلہ میں ملکی تاریخ کی سب سے بڑی احساس ٹیلی تھون کے دوران میں 55 کروڑ 75 لاکھ روپے کے عطیات جمع ہوئے۔ سینیٹر فیصل جاوید نے جمعرات کو وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ ٹیلی تھون میں حصہ لیتے ہوئے نشریات کے اختتام پر اعلان کیا کہ احساس ٹیلی تھون میں ٹیلی فون کے ذریعے شرکت …
وزیراعظم کے کورونا ریلیف فنڈ کے سلسلہ میں احساس ٹیلی تھون کے دوران میں 55 کروڑ 75 لاکھ روپے کے عطیات جمع ہوئے

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 23 اپریل (اے پی پی) وزیراعظم کے کورونا ریلیف فنڈ کے سلسلہ میں ملکی تاریخ کی سب سے بڑی احساس ٹیلی تھون کے دوران میں 55 کروڑ 75 لاکھ روپے کے عطیات جمع ہوئے۔ سینیٹر فیصل جاوید نے جمعرات کو وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ ٹیلی تھون میں حصہ لیتے ہوئے نشریات کے اختتام پر اعلان کیا کہ احساس ٹیلی تھون میں ٹیلی فون کے ذریعے شرکت کرنے والے مخیر حضرات نے مجموعی طور پر 55 کروڑ 75 لاکھ روپے کے عطیات دینے کے اعلانات کئے ہیں۔ اس دوران ایس ایم ایس کے ذریعے 80 لاکھ روپے کے عطیات کے پیغامات بھی موصول ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے کورونا ریلیف فنڈ کیلئے ٹیلی تھون کا اہتمام کرنے پر وہ تمام ٹی وی چینلز کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ وزیراعظم کے کورونا ریلیف فنڈ کیلئے امریکہ سے طاہر جاوید نے 2 کروڑ روپے، گلوکار سلمان احمد نے 10 ہزار ڈالر، یو اے ای سے ڈاکٹر فضل نے 2 لاکھ روپے، لندن سے ڈاکٹر ہارون نے 2 لاکھ روپے، امریکہ سے جاوید انور نے 2 لاکھ ڈالر، اسلامی یونیورسٹی بہاولپور کے وائس چانسلر نے 70 لاکھ روپے، امریکہ سے ڈاکٹر افضل گوندل نے 10 لاکھ ڈالر، بہائو الدین زکریا یونیورسٹی کے وائس چانسلر منصور اکبر نے 55 لاکھ روپے سے زائد کے عطیات دینے کا اعلان کیا۔ اس کے علاوہ چیئرمین توصیف گروپ سلامت علی نے 2 کروڑ روپے دینے کا اعلان کیا۔ اسی طرح بحرین سے چوہدری اکرم اور ان کے اہلخانہ کی طرف سے 35 کروڑ روپے، ساجد قاضی نے وزیراعظم ریلیف فنڈ میں 50 لاکھ روپے، کویت سے محمود اشرف نے ایک کروڑ روپے دینے کا اعلان کیا۔ احساس ٹیلی تھون کے دوران نامور کرکٹرز جاوید میانداد، وقار یونس اور وسیم اکرم نے بھی حصہ لیا اور وزیراعظم عمران خان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے لوگوں سے ریلیف فنڈ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کی۔








