وزیراعلیٰ کے پی کے معاون خصوصی کی زیرِ صدارت اجلاس، جیلوں میں فراہم کی جانے والی پیشہ ورانہ تربیت کے نظام، ادارہ جاتی کارکردگی اور درپیش مسائل کا جائزہ لیا گیا

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی محمد عثمان خان بیٹنی کی زیرِ صدارت جیلوں میں قائم ٹریڈ سنٹرز کے پرنسپلز کے کا اجلاس ہوا جس دوران جیلوں میں فراہم کی جانے والی پیشہ ورانہ تربیت کے نظام، ادارہ جاتی کارکردگی اور درپیش مسائل کا جائزہ لیا گیا

پشاور۔ 10 جولائی (اے پی پی):وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی محمد عثمان خان بیٹنی کی زیرِ صدارت جیلوں میں قائم ٹریڈ سنٹرز کے پرنسپلز کے کا اجلاس ہوا جس دوران جیلوں میں فراہم کی جانے والی پیشہ ورانہ تربیت کے نظام، ادارہ جاتی کارکردگی اور درپیش مسائل کا جائزہ لیا گیا۔محکمہ ٹیکنیکل ایجوکیشن خیبرپختونخوا کے مطابق اجلاس میں مردان، بنوں اور ہری پور جیلوں میں قائم ٹریڈ سنٹرز کے پرنسپلز نے شرکت کی۔ شرکا نے اپنے اپنے اداروں کی کارکردگی، جاری تربیتی پروگراموں، مختلف ٹریڈز میں جاری سرگرمیوں اور مستقبل کے منصوبوں پر مشتمل تفصیلی پریزنٹیشنز پیش کیں جبکہ ٹریڈ سنٹرز کو درپیش انتظامی، تکنیکی اور دیگر مسائل سے بھی معاونِ خصوصی کو آگاہ کیا۔ محمد عثمان خان بیٹنی نے کہا کہ جیلوں میں قائم ٹریڈ سنٹرز قیدیوں کی اصلاح، بحالی اور انہیں باعزت روزگار کے قابل بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومتِ خیبرپختونخوا فنی و پیشہ ورانہ تعلیم کے فروغ کے ذریعے قیدیوں کو ہنر مند بنا کر انہیں معاشرے کا مفید اور خودمختار شہری بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ ٹریڈ سنٹرز کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ، مزید فعال اور مؤثر بنایا جائے تاکہ تربیت کا معیار مزید بہتر ہو سکے۔محمد عثمان خان بیٹنی نے متعلقہ مسائل کے فوری اور مؤثر حل کے لیے محکمہ جیل خانہ جات کے وزیر اور انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات کے ساتھ مشترکہ اجلاس منعقد کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ دونوں محکمے باہمی مشاورت سے جیلوں میں قائم ٹریڈ سنٹرز کو درپیش مسائل کے مستقل حل، تربیتی سہولیات کی بہتری اور ادارہ جاتی استعداد کار میں اضافے کے لیے جامع حکمتِ عملی مرتب کریں گے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی صوبے بھر میں معیاری فنی تعلیم کے فروغ کے ساتھ ساتھ جیلوں میں قائم ٹریڈ سنٹرز کو بھی جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی تاکہ قیدیوں کی مؤثر بحالی اور انہیں باعزت روزگار کے بہتر مواقع فراہم کیے جا سکیں۔