وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی کا ملتان میں استقبالیہ سے خطاب اورکوٹ مٹھن میں میڈیا سے گفتگو

ملتان ۔08اپریل(اے پی پی)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ملک کے حالیہ اقتصادی بحران کی ذمہ دار زرداری اور حمزہ شہباز کی منی لانڈرنگ ہے، منی لانڈرنگ کی وجہ سے پاکستان کو گرے لسٹ میں ڈالا گیا، عالمی طاقتیں پاکستان کو گرے لسٹ سے بلیک لسٹ میں ڈالنے کی کوشش کررہی ہیں، تحریک انصاف کی حکومت ملک کو بلیک لسٹ سے بچانے کی کوشش کررہی ہے، …

ملتان ۔08اپریل(اے پی پی)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ملک کے حالیہ اقتصادی بحران کی ذمہ دار زرداری اور حمزہ شہباز کی منی لانڈرنگ ہے، منی لانڈرنگ کی وجہ سے پاکستان کو گرے لسٹ میں ڈالا گیا، عالمی طاقتیں پاکستان کو گرے لسٹ سے بلیک لسٹ میں ڈالنے کی کوشش کررہی ہیں، تحریک انصاف کی حکومت ملک کو بلیک لسٹ سے بچانے کی کوشش کررہی ہے، وزارت خارجہ خوش اسلوبی سے اپنی ذمہ داریاں سرانجام دے رہی ہے۔ نیوزی لینڈ واقعہ کے بعد استنبول میں او آئی سی کے اجلاس میں جن 6 نکات پر سفارشات جاری کی گئیں ان میں سے چار نکات میری تقریر کا حصے تھے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پی پی 217 کی سیاسی شخصیت ملک طارق بھٹہ کی جانب سے دیئے گئے استقبالیے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان کی قیادت میں ملک کو اقتصادی و معاشی بحران سے نکالنے کیلئے بھرپور کوششیں کررہے ہیں جس کے مثبت اثرات نظر آئیں گے۔ ملک کی معیشت مضبوط کریں گے، معیشت مضبوط ہوگی تو نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی میں بھی اضافہ ہوگا، ملتان کے ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی کیخلاف تمام سیاسی طاقتیں متحد ہوئیں مگر اس کے باوجود ملتان کے عوام نے تحریک انصاف پر اعتماد کیا جس پر عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ عوام کے اعتماد پر پورا اتریں گے۔ تقریب میں میاں جمیل احمد ، خالد جاوید وڑائچ ،ملک طارق بھٹہ ، ملک اختر بھٹہ ، ملک ظہور بھٹہ، شعیب اکمل ہاشمی سمیت پی ٹی آئی کارکنوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ بعد ازاں کوٹ مٹھن میں حضرت خواجہ غلام فریدؒ کے سجادہ نشین خواجہ معین الدین کوریجہ کے صاحبزادوں کی دعوت ولیمہ سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان کشیدگی کے خاتمے کیلئے حوصلہ اور تدبر کا مظاہرہ کررہا ہے۔ ہم نے جذبہ خیر سگالی کے تحت بھارتی پائلٹ چھوڑا اور جنگی قیدی رہا کررہے ہیں۔ بھارت سے بھی اسی جذبے کی توقع رکھتے ہیں۔ ہمارے جذبہ خیر سگالی اور امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ عالمی دنیا کو آج باور کروادیا ہے کہ بھارت جنگی جارحیت جیسے اقدامات سے باز رہے۔عالمی برادری کو خطے کی حساسیت کو مد نظر رکھتے ہوئے خاموش نہیں رہناچاہئے بلکہ انہیں اپنا کردار ادا کرنا ہوگااور کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا بھارت حملے کی حماقت نہیں کرے گا۔ اگر بھارت نے کسی قسم کا ایڈونچر کرنے کی کوشش کی تو سخت جواب دیا جائے گا۔عالمی قوانین کے مطابق پاکستان اپنے دفاع کا حق رکھتا ہے ۔ انہوں نے کہا مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی میں کئی گنا شدت آگئی ہے اور وہاں کے باسیوں پرجبر اور تشدد میں اضافہ ہوگیا ہے۔عالمی برادری کو اسے نظر انداز نہیں کرنا چاہئے۔ پاکستان نے ماضی میں بھی کشمیریوں کی سفارتی ، قانونی اور اخلاقی مدد کی اور مستقبل میں بھی نہتے اور مظلوم کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گا۔انہوں نے کہا نیشنل سکیورٹی کے ایشو پر پاکستان کی حکومت اور اپوزیشن ایک پیج پر ہیں۔اپوزیشن کی مجبوریاں سمجھتا ہوں مگر یہ وقت متحد رہنے کا ہے۔ اپوزیشن سیاست ضرور کرے مگر یہ وقت متحد رہنے کا ہے۔حمزہ شہباز کا معاملہ عدالت میں ہے اس لیے اس پر بات نہیں کرسکتا۔ بعد ازاں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے خواجہ معین الدین کوریجہ کے صاحبزادوں کی دعوت ولیمہ میں شرکت کی اور خواجہ معین الدین کو مبارک باد پیش کی اور ان کے خاندان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

Leave a Reply