ملتان ۔ 15 مارچ (اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہماری نیت صاف ہے پاکستان کو آگے لے جانے کی کوشش کررہے ہیں، پاکستان اور عوام کی بہتری کیلئے سوچتے ہیں، پاکستان کی خدمت میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے، قوم کو لٹیروں سے نجات دلائیں گے، عوامی امنگوں کے مطابق خارجہ پالیسی تشکیل دے رہے ہیں جس میں پاکستان کا مفاد سب …
وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا تقریب سے خطاب

مزید خبریں
ملتان ۔ 15 مارچ (اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہماری نیت صاف ہے پاکستان کو آگے لے جانے کی کوشش کررہے ہیں، پاکستان اور عوام کی بہتری کیلئے سوچتے ہیں، پاکستان کی خدمت میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے، قوم کو لٹیروں سے نجات دلائیں گے، عوامی امنگوں کے مطابق خارجہ پالیسی تشکیل دے رہے ہیں جس میں پاکستان کا مفاد سب سے برتر ہوگا، پاکستان کا عالمی سطح پر وقار بلند کریں گے، قوم نے تحریک انصاف پر بھرپور اعتماد کیا، انشاءاللہ قوم کے اعتماد پر پورا اتریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ملتان کے مقامی میرج ہال میں این اے 157 کی سیاسی شخصیت سلیمان لوٹھڑ کی جانب سے بہترین سفارت کاری اور نمائندگی پر اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب پذیرائی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی پارلیمانی سیکرٹری خزانہ مخدومزادہ زین حسین قریشی ، صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی دونوں نے مل کر ملک لوٹا، احتساب کا وقت آیا تو دونوں جماعتوں نے شور مچانا شروع کردیا، حکومت نے نواز شریف کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات کی آفر کی، ن لیگ نواز شریف کی صحت پر سیاست کررہی ہے ۔ پیپلز پارٹی کی قیادت سے سابقہ ادوار کی لوٹ مار کا حساب مانگا گیا تو بلاول زرداری کو عوام کا خیال آیا۔ سندھ میں ایک طویل عرصے سے پیپلز پارٹی کی حکومت ہے۔ کراچی کے حالات قوم کے سامنے ہیں۔کراچی میں کچرا اٹھانے والا کوئی نہیں۔ کراچی پاکستانی معیشت کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ کراچی میں امن قائم کرکے کراچی کی رونقیں بحال کریں گے۔ کراچی میں امن ہوگا تو ملک ترقی کرے گا۔ ملکی تاریح میں پہلی دفعہ تھر میں وزیراعظم تشریف لے گئے۔ تھر کے باسیوں کو صحت کارڈ کی فراہمی ، پینے کیلئے صاف پانی کی فراہمی اور بجلی کی سہولیات کے لئے سولر سسٹم لگا رہے ہیں جس کی مثال ماضی میں کہیں نہیں ملتی، کے پی کے کی سیاسی تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ جو حکومت اقتدار میں آتی ہے اس کو اگلی ٹرم میں اقتدار دوبارہ نہیں ملتا لیکن تحریک انصاف نے پانچ سال تک کے پی کے میں عوامی خدمت کی جس کی بدولت کے پی کے میں عوام نے تحریک انصاف پر اعتماد کرتے ہوئے دوسری مدت کیلئے اقتدار سونپا۔ انشاءاللہ پنجاب اور مرکز میں ہماری عوام دوست پالیسیوں کی بدولت 2023ءمیں بھی تحریک انصاف اقتدار میں آئے گی۔ سندھ میں 2023ءکے انتخابات میں تحریک انصاف کا سونامی چھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار ڈھلتی چھاﺅں کی مانند ہے، وزارتیں آتی جاتی رہتی ہیں، عوام سے ہیں اور عوام سے ہی رہیں گے، وزارتوں کے ثمرات عوام تک پہنچائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنے بیٹے زین قریشی اور ڈاکٹر اختر ملک سے درخواست کروں گا کہ وہ اپنی تمام تر توانائیاں حلقے اور عوام کی خدمت پرصرف کریں۔ انہوں نے کہاکہ حلقہ این اے 157 کے عوام سے میرا قلبی اور ذاتی تعلق ہے، یہاں کے عوام نے مجھے اور میرے بیٹے کو جو عزت سونپی وہ تا عمر یاد رکھوں گا۔ انہوں نے کہا کہ این اے 156 کی عوام کا مشکور ہوں جنہوںنے مجھے عزت دی اور مجھے 2018ءکے انتخابات میں کامیابی دلوائی اور اب ان کا منتخب نمائندہ دنیا بھر میں پاکستان کی بھرپور نمائندگی کررہا ہے، یہ این اے 156 اور ملتان کیلئے اعزاز کی بات ہے۔ تقریب میں پی ٹی آئی کے ڈویژنل صدر اعجاز جنجوعہ ، خالد جاوید وڑائچ ، میاں جمیل احمد سمیت تحریک انصاف کے کارکنوں کی کثیر تعداد مو جود تھی۔








