وزیرداخلہ محسن نقوی کا ایف آئی اے کراچی زون کا دورہ، منی لانڈرز اورانسانی سمگلنگ میں ملوث مافیا کے خلاف بلاامتیازسخت کارروائی کی ہدایت

کراچی۔4جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ایف آئی اے کراچی زون کا دورہ کیا اور خصوصی اجلاس کی صدارت کی،انہوں نے ایف آئی اے کراچی زون اور سائوتھ زون کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ اتوار کو وزارت داخلہ سے جاری بیان کے مطابق وزیرداخلہ محسن نقوی نے منی لانڈرنگ میں ملوث مافیا کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ بڑے منی لانڈرز پر مضبوط …

کراچی۔4جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ایف آئی اے کراچی زون کا دورہ کیا اور خصوصی اجلاس کی صدارت کی،انہوں نے ایف آئی اے کراچی زون اور سائوتھ زون کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ اتوار کو وزارت داخلہ سے جاری بیان کے مطابق وزیرداخلہ محسن نقوی نے منی لانڈرنگ میں ملوث مافیا کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ بڑے منی لانڈرز پر مضبوط ہاتھ ڈالا جائے،منی لانڈرنگ میں ملوث عناصر کی پوری منی ٹریل کو بے نقاب کیا جائے، حوالہ، ہنڈی کا کاروبار کسی صورت برداشت نہیں،بلا امتیاز ایکشن نظر آنا چاہیے۔

وزیرداخلہ محسن نقوی نے انسانی سمگلنگ میں ملوث ایجنٹس مافیا کے خلاف بھی موثر کارروائی کا حکم دیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ معصوم لوگوں کو ملازمت کا جھانسہ دے کر بیرون ممالک بھجوانے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں،بغیر دبائو ایجنٹس مافیا کے خلاف کارروائی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ جعلی ادویات کا کاروبار کرنے والے انسانی زندگیوں سے کھیل رہے ہیں،ایسے مکروہ دھندے میں ملوث عناصر کو قانون کی گرفت میں لایا جائے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ایف آئی اے کراچی زون میں انسانی وسائل کی کمی کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کیا جائے گا،ایف آئی اے افسران تمام ضروری وسائل فراہم کریں گے تاہم انہیں کارکردگی سے ادارے کی نیک نامی میں اضافہ کرنا ہے۔ بریفنگ میں بتایا کہ 4 ماہ میں انسانی سمگلنگ میں ملوث 20 ایجنٹس کو گرفتار کیا گیا ہے اور 140 ملین روپے کی نان کسٹم مصنوعات اور منشیات کو ضبط کیا گیا ہے۔ مسافروں کی سہولت کیلئے کراچی ائیر پورٹ پر سہولت سنٹر قائم کر دیا گیا ہے۔

وزیرداخلہ محسن نقوی نےانچارج افسران سے ان کے متعلقہ سرکلز کی کارکردگی رپورٹ طلب کی اور مزید محنت سے کام کرنے کی ہدایت کی۔ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی زون نے وزیر داخلہ محسن نقوی کو بریفنگ دی۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے سائوتھ مجاہد اکبر خان ، ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی منی لانڈرنگ، ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن، ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی سمگلنگ ،ڈپٹی ڈائریکٹر امیگریشن، ڈپٹی ڈائریکٹر کرائمز، ڈپٹی ڈائریکٹر کمرشل بینکنگ سمیت تمام ڈپٹی ڈائریکٹرز اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

 

مزید خبریں