لاہور۔22جنوری (اے پی پی):صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ مریم نواز کی حکومت کو دو سال مکمل ہو چکے ہیں اور ایسا کوئی شعبہ نہیں جہاں عوامی فلاح و بہبود کیلئے منصوبے شروع نہ کئے گئے ہوں۔ وزیرِ اعلیٰ کے منصوبوں کو بین الاقوامی ادارے بھی تسلیم کر رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز ڈی جی پی آر میں سیکرٹری 1122 …
وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی حکومت کے دو سال مکمل، منصوبوں کو بین الاقوامی ادارے بھی تسلیم کر رہے ہیں ،صحافیوں کو بغیر کسی قیمت کے پلاٹس دیئے جائیں گے، عظمیٰ بخاری

مزید خبریں
لاہور۔22جنوری (اے پی پی):صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ مریم نواز کی حکومت کو دو سال مکمل ہو چکے ہیں اور ایسا کوئی شعبہ نہیں جہاں عوامی فلاح و بہبود کیلئے منصوبے شروع نہ کئے گئے ہوں۔ وزیرِ اعلیٰ کے منصوبوں کو بین الاقوامی ادارے بھی تسلیم کر رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز ڈی جی پی آر میں سیکرٹری 1122 ڈاکٹر رضوان نصیر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز کے جھنگ کے دورے کے موقع پر16 اضلاع میں کیتھ لیبز کا آغاز کر دیا گیا ہے اور ہر ہفتے نئی کیتھ لیب قائم کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ دل کے مریضوں کو پہلے علاج کیلئے دور دراز شہروں کا رخ کرنا پڑتا تھا،تاہم اب ڈسٹرکٹ لیول پر تمام سہولیات میسر ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب جہاں بھی جاتی ہیں،شہریوں سے براہ راست بات چیت ضرور کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں مریضوں کو انجیو پلاسٹی کے لیے آٹھ آٹھ ماہ انتظار کرنا پڑتا تھا،مگر اب یہ سہولت فوری دستیاب ہے۔ انہوں نے کہا کہ منڈی بہاوالدین، شیخوپورہ اور جھنگ سمیت مختلف شہروں میں اسٹیٹ آف دی آرٹ کیتھ لیبز قائم کی جا رہی ہیں اور وہاں جدید ترین آلات فراہم کیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کیتھ لیب کا دورہ کیا تو ایسا محسوس ہوا جیسے دنیا کے بہترین ہسپتال میں داخل ہو گئے ہوں۔صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ مریم نوازدفتری امور کے ساتھ ساتھ ہسپتالوں میں صفائی ستھرائی کے انتظامات پر بھی خصوصی توجہ دیتی ہیں۔ کیتھ لیبز میں پیس میکرز کی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے اور آنے والے دنوں میں کسی بھی ضلع کے مریض کو علاج کے لیے کہیں اور جانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ رواں سال ریسکیو1122 کی فائر سروسز پنجاب کی تمام تحصیلوں تک پھیلائی جائیں گی ۔ گل پلازہ میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت تمام لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ریسکیو بلڈنگز کے آڈٹ سے متعلق ہوم ورک پہلے ہی دیا جا چکا تھا اور اے، بی، سی، ڈی گریڈنگز متعارف کرائی گئی ہیں۔عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے فوری احکامات جاری کیے ہیں جن کے تحت فائر فائٹنگ کے لیے جدید ترین ڈرون ٹیکنالوجی ریسکیو 1122 میں شامل کی جائے گی جبکہ واٹر ہائیڈرنٹس کو جیو ٹیگ کر کے واسا کو فراہم کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ تمام سٹیک ہولڈرز کو آن بورڈ لیا جائے گا اور پلازوں، ہسپتالوں اور سکولوں میں ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کروایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پیرا فورس کو خصوصی اختیارات دیئے گئے ہیں اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے علیحدہ سیل قائم کیا جا رہا ہے۔
اندرون لاہور میں بائیکس اور ڈرونز کے ذریعے ریسکیو پلان تیار کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پلازوں میں داخلے اور اخراج کے راستوں کے سامنے سٹالز لگانے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور اس فیصلے پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے گا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کراچی میں گل پلازہ پیش آنے والا واقعہ صرف سندھ نہیں بلکہ پورے پاکستان کے لیے افسوسناک ہے۔انہوں نے کہا کہ حادثات اچانک پیش آتے ہیں،مگر ایسے واقعات سے قبل انتظامات اور تیاری مکمل ہونی چاہیے تاکہ قیمتی جانوں اور املاک کا تحفظ کیا جا سکے۔انہوں نے واضح کیا کہ گل پلازہ کے معاملے پر سیاسی بیان بازی یا الزام تراشی نہیں کی جائے گی۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بسنت غیر ضروری طور پر نہیں منائی جا رہی بلکہ تمام ادارے آن بورڈ ہیں اور حفاظتی تدابیر کے ساتھ بسنت منائی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کل بسنت سے متعلق لائحہ عمل کا اعلان کریں گی۔صحافی کالونی فیز ٹو کے حوالے سے سوال پر عظمیٰ بخاری نے کہا کہ فیز ٹو پر بلاجواز سیاست کی جا رہی ہے اور کسی غریب کی چھت پر سیاست نہیں ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ صحافیوں کو اپنی چھت فراہم کرنا وزیر اعلیٰ پنجاب کا پختہ عزم ہے۔ دنیا کی جدید سوسائٹی کے طرز پر صحافی کالونی میں تمام سہولیات اور خوبصورت گھر فراہم کیے جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ آئندہ ماہ وزیر اعلیٰ پنجاب خود صحافیوں کو الاٹمنٹ لیٹر دیں گی۔صحافیوں کو بغیر کسی قیمت کے پلاٹس دیئے جائیں گے، صرف ڈویلپمنٹ چارجز ادا کرنا ہوں گے جبکہ ماسٹر پلان، بورڈ کی منظوری اور زمین کی خریداری کے تمام مراحل مکمل کیے جا چکے ہیں۔بعدازں ریسکیو1122 سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے کہا کہ ریسکیو 1122 نے اب تک ایک کروڑ90 لاکھ ایمرجنسی کالز پر اوسطا آٹھ منٹ میں رسپانس دیا ہے جبکہ 40 لاکھ ایمرجنسیز پر موثر رسپانس پر عالمی سطح پر اعزاز بھی حاصل کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ایئر ایمبولینس سروس کے ذریعے240 سے زائد مریضوں کو بروقت سہولیات فراہم کی جا چکی ہیں۔ڈاکٹر رضوان نصیر نے گل پلازہ کے افسوسناک واقعے پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا کہ ایسے واقعات سے سبق سیکھنے اور حفاظتی اقدامات مزید موثر بنانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ میں بھی ریسکیو 1122 کی خدمات کو تسلیم کیا گیا ہے اور ترکیہ میں زلزلے کے دوران 15 افراد کو زندہ نکالنا ریسکیو ٹیم کی بڑی کامیابی ہے۔انہوں نے کہ فائر سروس کی سہولت پنجاب کی تمام تحصیلوں تک توسیع دے دی گئی ہے۔ اب تک 2 لاکھ 80 ہزار سے زائد آگ لگنے کے واقعات پر قابو پایا گیا ہے جس کے نتیجے میں تقریبا ساڑھے سات سو ارب روپے مالیت کی املاک کو محفوظ بنایا گیا۔انہوں نے کہا کہ عمارتوں میں ایمرجنسی اخراج کے راستوں کو بند نہ کیا جائے اور فوری طور پر کھولا جائے۔
اس سلسلے میں2200 عمارتوں کو وارننگ لیٹر جاری کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ جن عمارتوں میں دو ہفتوں کے اندر ایمرجنسی انٹری یا اخراج کے راستے بحال نہ کیے گئے، وہاں سخت کارروائی کرتے ہوئے عمارتیں سیل کر دی جائیں گی۔ڈاکٹر رضوان نصیر نے کہا کہ پانی کی فراہمی کے لیے فائر ہائیڈرنٹس کی دستیابی کو یقینی بنانے کی ہدایات دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب تک27 ہزار سے زائد افراد کو ریسکیو ٹریننگ دی جا چکی ہے جبکہ سندھ اور بلوچستان کے 1400 افراد کو بھی تربیت فراہم کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ریسکیو1122 شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے اور حفاظتی ایس او پیز پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔








