وزیرِ داخلہ محسن نقوی کا شمالی وزیرستان میں خوارجیوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

اسلام آباد۔2دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے شمالی وزیرستان میں بھارتی حمایت یافتہ سرگرم خوارجی دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ فورسز نے بروقت اور پیشہ وارانہ کارروائی کر کے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا ہے، سات خوارجیوں کو جہنم واصل کرنا سکیورٹی فورسز کی اعلیٰ پیشہ وارانہ مہارت، جرأت اور …

اسلام آباد۔2دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے شمالی وزیرستان میں بھارتی حمایت یافتہ سرگرم خوارجی دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ فورسز نے بروقت اور پیشہ وارانہ کارروائی کر کے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا ہے، سات خوارجیوں کو جہنم واصل کرنا سکیورٹی فورسز کی اعلیٰ پیشہ وارانہ مہارت، جرأت اور عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

اپنے بیان میں محسن نقوی نے کہا کہ میں کارروائیوں کے دوران سات دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو سلام پیش کرتا ہوں، سکیورٹی اہلکاروں کی بہادری اور پروفیشنل ازم پر پوری قوم کو فخر ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ دشمن کے ناپاک عزائم کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری رہیں گی۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز نے نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں اور قومی سلامتی کے لئے جوانوں کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے امن کو سبوتاژ کرنے والے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے اور ریاست پوری قوت سے دہشت گردی کا مقابلہ کر رہی ہے۔محسن نقوی نے مزید کہا کہ سکیورٹی فورسز امن کے قیام کے لئے پرعزم ہیں اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں، پوری قوم اپنی بہادر افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

مزید خبریں