وزیرِ مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی کی نیسلے پاکستان کے وفد سے مشاورتی ملاقات

وزیرِ مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی کی نیسلے پاکستان کے وفد سے مشاورتی ملاقات

اسلام آباد۔5مئی (اے پی پی):وزیرِ مملکت برائے خزانہ و محصولات، بلال اظہر کیانی نے منگل کو وزارتِ خزانہ میں نیسلے پاکستان کے ایک وفد سے مشاورتی اجلاس کی صدارت کی جس کی قیادت کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے کی۔ اجلاس میں وزارتِ خزانہ کے سینئر حکام، بشمول ٹیکس پالیسی آفس کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔یہ اجلاس وفاقی بجٹ برائے مالی سال 2026-27 کی تیاری کے سلسلے میں حکومت کے جاری سٹیک ہولڈر مشاورتی عمل کا حصہ تھا۔ اجلاس میں ٹیکس نظام، ریگولیٹری ماحول، اور صارف اشیاء کے شعبے میں کارکردگی، شفافیت اور کاروبار میں آسانی کو بہتر بنانے سے متعلق اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس دوران پالیسی اصلاحات کے مارکیٹ کے نظام، دستاویزی معیشت اور صارفین کے تحفظ پر ممکنہ اثرات بھی زیرِ غور آئے۔وفد نے شعبے کو درپیش اہم چیلنجز سے آگاہ کیا اور ایسی پالیسی تجاویز پیش کیں جو ٹیکس قوانین پر بہتر عملدرآمد، ٹیکس انتظامیہ کو مؤثر بنانے اور قیمتوں کے تعین کے نظام میں شفافیت بڑھانے میں معاون ثابت ہو سکتی ہیں۔ گفتگو میں اس امر پر زور دیا گیا کہ مالیاتی اقدامات کو محصولات میں اضافے، پائیدار کاروباری ترقی اور صارفین کے تحفظ کے وسیع تر قومی اہداف سے ہم آہنگ ہونا چاہئے۔وزیرِ مملکت نے تعمیری مشاورت کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت پالیسی سازی کے عمل میں مشاورتی اور جامع طرزِ عمل جاری رکھے گی۔

انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ آئندہ بجٹ کی تیاری میں ان کی تجاویز کا حکومت کی مجموعی مالیاتی اور اقتصادی ترجیحات کے تناظر میں بغور جائزہ لیا جائے گا۔ اجلاس اس مشترکہ اتفاقِ رائے کے ساتھ اختتام پذیر ہوا کہ حکومت اور صنعت سے وابستہ شراکت داروں کے درمیان مسلسل رابطہ اور مکالمہ مؤثر پالیسی سازی اور طویل المدتی اقتصادی استحکام کے لئے ناگزیر ہے۔

مزید خبریں