اسلام آباد۔10دسمبر (اے پی پی):وزیرِ مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت وجیہہ قمر نے امریکا کے اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات کی جس میں تعلیم، فنی تربیت اور معدنیات و کان کنی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات بدھ کو اسلام آباد میں نئے یو ایس ایجوکیشنل فاؤنڈیشن ان پاکستان کی عمارت کے افتتاح کے بعد وزارت میں ہوئی، دونوں جانب …
وزیرِ مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت وجیہہ قمر کی امریکا کے اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات ،تعلیم، فنی تربیت اور معدنی شعبے میں تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

مزید خبریں
اسلام آباد۔10دسمبر (اے پی پی):وزیرِ مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت وجیہہ قمر نے امریکا کے اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات کی جس میں تعلیم، فنی تربیت اور معدنیات و کان کنی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات بدھ کو اسلام آباد میں نئے یو ایس ایجوکیشنل فاؤنڈیشن ان پاکستان کی عمارت کے افتتاح کے بعد وزارت میں ہوئی، دونوں جانب سے اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ یہ نئی عمارت تعلیمی رہنمائی، تعلیمی تبادلوں اور پاکستان و امریکا کے مابین تعلیمی تعاون کو مزید فروغ دے گی۔
امریکی وفد میں بیورو آف ایجوکیشنل اینڈ کلچرل افیئرز کی پرنسپل ڈپٹی اسسٹنٹ سیکرٹری شیری کینیسن ہال، بیورو آف ساؤتھ اینڈ سینٹرل ایشین افیئرز کی ایکٹنگ ڈپٹی اسسٹنٹ سیکرٹری شیلی سیور اور امریکی سفارتخانہ کے سینئر حکام شامل تھے۔ ملاقات میں تعلیمی تعاون، اساتذہ کی پیشہ وارانہ ترقی ،یو ایس ایجوکیشنل فاؤنڈیشن کے ذریعے طلبہ و اساتذہ تک رسائی میں اضافہ اور فنی و پیشہ وارانہ تعلیم (ٹیوٹ) میں اشتراکِ عمل کو مزید وسعت دینے پر گفتگو ہوئی۔ وزیرِ مملکت وجیہہ قمر نے کہا کہ پاکستان اپنے نوجوانوں کو عالمی معیار کی تعلیم تک رسائی فراہم کرنے اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان روابط کو مضبوط بنانے کے لئے پرعزم ہے۔

وجیہہ قمر نے معدنیات اور کان کنی کے شعبے کو پاکستان کی طویل المدتی معاشی ترقی کے لئے نہایت اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان جدید کان کنی ٹیکنالوجی، بہتر جیولوجیکل میپنگ، معدنی پراسیسنگ اور افرادی قوت کی تربیت میں امریکی تعاون کا خیر مقدم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس شعبے میں شراکت داری سے افرادی قوت کو جیولوجی، معدنی استخراج، پراسیسنگ اور جدید صنعتی ٹیکنالوجیز کے شعبے میں روزگار کے بہتر مواقع میسر آئیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس تعاون سے ویلیو ایڈیشن میں اضافہ، حفاظتی اقدامات میں بہتری اور پائیدار کان کنی کے عالمی معیار کو فروغ ملے گا۔ا
جلاس میں پاکستانی ٹیوٹ اداروں اور امریکی کمیونٹی کالجز کے درمیان شراکت داری بڑھانے، جدید نصاب متعارف کرانے اور بین الاقوامی سطح کے سرٹیفکیشن پروگراموں کے اجرا پر بھی اتفاق ہوا۔ وزیرِ مملکت وجیہہ قمر نے کہا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ اپنی شراکت داری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور تعلیم، فنی تربیت اور ابھرتے ہوئے معاشی شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے لئے پُرعزم ہے۔
آج کی گفتگو نے معدنیات اور کان کنی سمیت متعدد شعبوں میں مہارتوں کے فروغ کے لئے مشترکہ عزم کی تجدید کی ہے۔ ملاقات کے اختتام پر دونوں ممالک نے تعلیم، افرادی قوت کی ترقی اور مختلف شعبہ جاتی منصوبوں میں تعاون بڑھانے کے لئے باقاعدہ رابطوں اور عملی اقدامات پر اتفاق کیا۔








