وزیر اعظم سے کاٹی کے تجارتی وفد کی خصوصی ملاقات کرائی جائے گی، رانا مشہود

وزیر اعظم کے یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود نے کہا ہے کہ وزیر اعظم سے کاٹی کے صنعتکاروں کے وفد کی خصوصی ملاقات کرائی جائے گی جس میں وہ صنعتی ترقی کیلئے اپنی تجاویز براہ راست وزیر اعظم کو پیش کر سکتے ہیں۔ وفاق کی جانب سے انفرا اسٹرکچر کی بہتری کیلئے 250 ملین روپے کی زیر التوا فنڈنگ بھی ریلیز کرانے کیلئے اقدامات کریں گے۔

کراچی۔ 01 جون (اے پی پی):وزیر اعظم کے یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود نے کہا ہے کہ وزیر اعظم سے کاٹی کے صنعتکاروں کے وفد کی خصوصی ملاقات کرائی جائے گی جس میں وہ صنعتی ترقی کیلئے اپنی تجاویز براہ راست وزیر اعظم کو پیش کر سکتے ہیں۔ وفاق کی جانب سے انفرا اسٹرکچر کی بہتری کیلئے 250 ملین روپے کی زیر التوا فنڈنگ بھی ریلیز کرانے کیلئے اقدامات کریں گے۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے کورنگی ایسوسی ایشن آ ف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی ) میں صنعتکاروں سے خطاب میں کیا۔ تقریب میں کاٹی کے صدر محمد اکرام راجپوت، ڈپٹی پیٹرن ان چیف زبیر چھایا اور مسلم لیگ ن بزنس فورم کے صدر اشتیاق بیگ سمیت دیگر اعلیٰ عہدیداران موجود تھے۔

کاٹی ترجمان کی جانب سے جاری کردہ پریس رلیز کے مطابق چیئرمین یوتھ پروگرام رانا مشہود نے مزید کہا کہ گزشتہ سال 9 لاکھ سے زائد ہنر مند نوجوانوں کو بیرون ملک ملازمت کیلئے بھیجا جبکہ رواں سال 21 لاکھ افراد کو بھیجنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ اس سلسلے میں آسٹریلیا، نیو زی لینڈ، جاپان، امریکہ، مشرق وسطی سمیت کئی ممالک سے معاہدے کئے جارہے ہیں جس میں نوجوانوں کو دور حاظر کی جدید پیشہ وارانہ تربیت فراہم کی جائیں گی جس میں سافٹ اسکلز، سماجی و اخلاقی تربیت شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ آئندہ 3 سال میں جاپان میں 7 لاکھ سے زائد ہنر مندا فراد اورسعودی عرب اور خلیجی ممالک میں 1 لاکھ سے زائد ہیلتھ کیئر اور نرسز کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی تربیت کیلئے ڈیجیٹل یوتھ پورٹل کا آغاز کر دیا گیا ہے جس میں 8 لاکھ سے زائد نوجوان رجسٹرڈ ہوچکے ہیں۔

جو پورٹل کی استعداد سے کہیں زیادہ ہیں۔ پورٹل پر 4 ہزار سے زائد ادارے موجود ہیں جو اب تک 1 لاکھ سے زائد ملازمت کے مواقع فراہم کر رہے ہیں۔ چیئرمین یوتھ پروگرام نے کہا کہ حکومت ایک انٹرن شپ پروگرام کا آغاز بھی کر رہی ہے جس میں تعلیم یافتہ نوجوانوں کو انڈسٹری میں انٹرن شپ کیلئے 6 ماہ کی مدت فراہم کی جائے گی جس میں وہ انڈسٹری میں کام کریں گے اور حکومت ان کے تمام اخراجات اٹھائے گی۔ بعدازاں اہلیت کے بعد ان نوجوانوں کو اسی انڈسٹری میں مستقل ملازمت دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی لیپ ٹاپ اسکیم سے استفادہ حاصل کرنے والے نوجوانوں نے ای کامرس کی مدد سے اپنے لئے خود روزگار تلاش کیا اور اب کامیابی سے برسر روزگار ہیں۔