وزیر اعظم شہباز شریف سے شامی وزیر خارجہ اسعد حسن الشیبانی کی ملاقات ، شام کی خودمختاری، اتحاد اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور شام کے درمیان تاریخی اور گہرے تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے دونوں ممالک کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو سیاست ،دفاع، تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم اور انسانی وسائل کی ترقی سمیت مختلف شعبوں میں عملی تعاون میں تبدیل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے شام کے وزیر خارجہ اسعد حسن الشیبانی نے جمعرات کو یہاں ملاقات کی۔

اسلام آباد۔20اگست (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور شام کے درمیان تاریخی اور گہرے تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے دونوں ممالک کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو سیاست ،دفاع، تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم اور انسانی وسائل کی ترقی سمیت مختلف شعبوں میں عملی تعاون میں تبدیل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے شام کے وزیر خارجہ اسعد حسن الشیبانی نے جمعرات کو یہاں ملاقات کی۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے شامی وزیر خارجہ اور ان کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے صدر احمد الشرع کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ان سے اپنی حالیہ ملاقاتوں کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے شام کی خودمختاری، اتحاد اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے پاکستان اور شام کے درمیان تاریخی اور گہرے تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو سیاست ،دفاع ، تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم اور انسانی وسائل کی ترقی سمیت مختلف شعبوں میں عملی تعاون میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان براہ راست پروازوں کی بحالی سے عوامی روابط میں اضافہ ہوگا اور بڑی تعداد میں پاکستان سے شام آنے والے زائرین کو بھی سہولت ملے گی۔ وزیراعظم نے شام کے اتحاد، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان گولان کی پہاڑیوں کے معاملے پر شام کے موقف کی بھرپور حمایت کرے گا۔

شامی وزیر خارجہ نے صدر احمد الشرع کی جانب سے وزیراعظم محمد شہباز شریف کے لیے نیک خواہشات کا پیغام دیا۔ انہوں نے وزیراعظم کو شام کی سیاسی صورتحال اور تعمیر نو کی کوششوں سے آگاہ کیا۔ شامی وزیر خارجہ نے گزشتہ برسوں کے دوران شام کے لیے پاکستان کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کی حکومت پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں گہری دلچسپی رکھتی ہے۔ انہوں نے تعاون کے لیے جلد باقاعدہ ادارہ جاتی طریقہ کار وضع کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔ وزیراعظم نے صدر احمد الشرع کو پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت بھی دی۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیراعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی اور سیکریٹری خارجہ سفیر آمنہ بلوچ بھی موجود تھیں۔

مزید خبریں