وزیر اعظم شہباز شریف کا ہیلی کاپٹرحادثے میں 14 سعودی شہریوں کی موت پر اظہار تعزیت

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے سعودی عرب کے مشرقی ساحلی علاقے راس تنورہ میں پیش آنے والے ہیلی کاپٹر کے المناک حادثے میں 14 سعودی شہریوں کی موت پر دلی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے

اسلام آباد۔29جون (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے سعودی عرب کے مشرقی ساحلی علاقے راس تنورہ میں پیش آنے والے ہیلی کاپٹر کے المناک حادثے میں 14 سعودی شہریوں کی موت پر دلی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ پیر کو وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ’’ایکس‘‘پر اپنے پیغام میں کہا کہ وہ پاکستان کے عوام اور حکومت کی جانب سے خادمِ الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود، ولی عہد و وزیرِاعظم شہزادہ محمد بن سلمان، جاں بحق افراد کے اہلِ خانہ اور برادر ملک سعودی عرب کے عوام سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں پاکستان اپنے سعودی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ مکمل یکجہتی اور ہمدردی کا اظہار کرتا ہے ۔