وزیر اعظم عمران خان پاکستان کی معیشت میں خواتین کی بامقصد اور یکساں شراکت پر خصوصی زور دیتے ہیں،ڈاکٹر ثانیہ نشتر

راولپنڈی۔ 2 دسمبر (اے پی پی) راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آر سی سی آئی) کے زیر اہتمام تیسرے آل پاکستان ویمن چیمبرز صدور سمٹ (اے پی ڈبلیو سی پی ایس) کا آغاز راولپنڈی میں ہوگیا۔ افتتاحی تقریب میں وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے معاشی تحفظ وتخفیفِ غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر مہمان خصوصی تھیں۔ اس موقع پر اوورسیز پاکستانیز اینڈ ایچ آر ڈی کے وزیر اعظم کے معاون …

راولپنڈی۔ 2 دسمبر (اے پی پی) راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آر سی سی آئی) کے زیر اہتمام تیسرے آل پاکستان ویمن چیمبرز صدور سمٹ (اے پی ڈبلیو سی پی ایس) کا آغاز راولپنڈی میں ہوگیا۔ افتتاحی تقریب میں وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے معاشی تحفظ وتخفیفِ غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر مہمان خصوصی تھیں۔ اس موقع پر اوورسیز پاکستانیز اینڈ ایچ آر ڈی کے وزیر اعظم کے معاون خصوصی سید ذوالفقار عباس بخاری بھی موجود تھے۔ اس سمٹ میں ملک بھر سے کاروباری خواتین کی صدور اور کاروباری حلقہ کی خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس سربراہی اجلاس کا مقصد پاکستانی کاروباری خواتین کو ایک پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے تاکہ وہ ملک میں معاشی اور تجارت کی سرگرمیوں میں درپیش چیلنجوں اور مواقع پر بات چیت کرسکیں۔ اس سمٹ کے ذریعے، کاروباری میدان میں شامل خواتین کودرپیش معاشی رکاوٹوں کا سامنا کرنے اور ان کا مقابلہ کرنے کے لئے صلاحیت میں اضافے کے بہترین طریقوں کی تسخیر اور مہارت حاصل ہو سکے گی۔ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے اس سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان پاکستان کی معیشت میں خواتین کی بامقصد اور یکساں شراکت پر خصوصی زور دیتے ہیں۔ ان کا پختہ یقین ہے کہ اگر ہم اپنے نصف شہریوں کی بھر پور صلاحیت کا ادراک نہیں کرتے ہیں تو ہم پائیدار ترقی حاصل نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ احساس کے ایجنڈے کا مقصد خواتین کی بہبود وترقی ہے، ان کو معاشی و معاشرتی میدان میں درپیش مسائل کے حل کے لیے متعدد پروگرامز تشکیل دیئے گئے ہیں، احساس کا مقصد سماجی تحفظ اور فلاح و بہبود میں نجی شعبے کے کردار کو مرکزی دھارے میں لانا ہے اور اس مقصد کے لئے مناسب پالیسی اور ادارہ جاتی انتظامات تشکیل دئیے جا رہے ہیں۔ مزید برآں ڈاکٹر نشتر نے شہر میں واقع تمام خواتین چیمبروں کے صدور کو وزیر اعظم سیکرٹریٹ میں دعوت دی کہ وہ مشاورت کے ذریعے معاشیات میں خواتین کی موثر شرکت کو یقینی بنانے کے لئے احساس پروگرام کے تحت باہمی تعاون کے لئے راہیں ہموار کر سکیں۔ اس موقع پر زلفی بخاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ میرے لیے بڑے فخر کی بات ہے کہ مجھے تیسرے آل پاکستان ویمن چیمبرز اجلاس میں مدعو کیا گیا ہے۔ خواتین پاکستان کی آبادی کا 53% ہیں۔ مضبوط عورت ایک مضبوط قوم بناتی ہے۔ ہم جتنا خواتین کو قومی دھارے کے کاروبار اور ایس ایم ایز میں ضم کرتے ہیں ، اتنی ہی ہماری قوم ترقی کر سکتی ہے۔ ہمیں پاکستانی خواتین کی کامیابیوں اور ملک کے لئے ہر شعبے میں ان کے تعاون کو بھی سراہنا چاہئے۔ کاروباری خواتین کسی بھی ملک کی معاشی ترقی میں نمایاں کردار ادا کرتی ہیں اور حال ہی میں پاکستان میں انھوں نے داخلی تجارت کو بڑھانے اور برآمدات کو فروغ دینے اور اس کے نتیجے میں معاشی سرگرمیوں کے لئے ایک اعلیٰ درجے کا کردار ادا کیا ہے۔ اے پی ڈبلیو سی پی سمٹ پرل کانٹی نینٹل ہوٹل راولپنڈی میں یکم تا3 دسمبر ، 2019ءتک منعقد ہورہی ہے۔