وزیر اعظم عمران خان کا کورونا وائرس کے پیش نظر معیشت پر پڑنے والے اثرات کے حوالے سے اعلی سطح اجلاس سے خطاب

اسلام آباد ۔ 2 اپریل (اے پی پی) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وباءکے پیش نظر مزدور طبقہ سب سے زیادہ توجہ طلب ہے اور حکومت ان کے لیے خصوصی ریلیف فراہم کر رہی ہے، تعمیرات کے شعبے کو مراعات فراہم کرنے سے روزگار کے مواقع بڑھیں گے، معیشت مضبوط ہو گی اور مزدور طبقے کو اس صورتحال میں ریلیف ملے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں کورونا وائرس کے پیش نظر معیشت پر پڑنے والے اثرات خصوصاً تعمیرات کے شعبے کے حوالے سے اعلی سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وزیر معاشی امور حماد اظہر، وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، وزیر برائے فوڈ سیکورٹی مخدوم خسرو بختیار، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، مشیر تجارت عبدالرزاق داود، مشیر ادارہ جاتی اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین، چیئرمین نیا پاکستان ہاوسنگ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) انور علی حیدر، قائم مقام چیئرپرسن ایف بی آر نوشین جاوید امجد اور سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے چیئرمین نیا پاکستان ہاوسنگ اتھارٹی نے آگاہ کیا کہ تعمیرات سیکٹر کی بحالی کے لیے ایک جامع پیکج ترتیب دیا گیا ہے جس میں صوبوں سے بھی مشاورت کی گئی ہے۔ اجلاس کو بتایا گیاکہ تعمیرات سے متعلقہ ترقیاتی اداروں (ڈویلپمنٹ اتھارٹیز) سے اجازت نامے کے حصول اور دیگر سرکاری امور کو آسان بنا دیا گیا ہے۔ اجلاس میں تعمیرات کے شعبہ کو فروغ دینے کے لیے ٹیکس امور پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔ وزیر اعظم نے کہاکہ کورونا وائرس کی وباءکے پیش نظر مزدور طبقہ سب سے زیادہ توجہ طلب ہے اور حکومت ان کے لیے خصوصی ریلیف فراہم کر رہی ہے۔ وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کے تعمیرات کے شعبے کو مراعات فراہم کرنے سے روزگار کے مواقع بڑھیں گے، معیشت مضبوط ہو گی اور مزدور طبقے کو اس صورتحال میں ریلیف ملے گا۔