وزیر اعظم عمران خان کی احساس پروگرام کے تحت قومی سماجی و معاشی رجسٹری کی تشکیل بارے بریفنگ کے موقع پر ہدایت

اسلام آباد ۔ 27 نومبر (اے پی پی) وزیر اعظم عمران خان کو احساس پروگرام کے تحت قومی سماجی و معاشی رجسٹری (این ایس ای آر) کی تشکیل کے بارے میں بدھ کو وزیر اعظم آفس میں تفصیلی بریفنگ دی گئی اس موقع پر وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ مقامی حکومتوں اور انتظامیہ کے تعاون سے سروے کے دوران 100 فیصد آبادی کی کوریج کو یقینی بنایا جائے۔ وزیر اعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر، چیئرمین نادرا عثمان یوسف مبین، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام اور سماجی تحفظ و تخفیف غربت ڈویژن کے سینئر حکام نے بریفنگ میں شرکت کی۔ معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے وزیر اعظم کو بتایاکہ 2011ء میں بی آئی ایس پی کی طرف سے ابتدائی سروے کرایا گیا جس کا مقصد سماجی و اقتصادی پروگرام کے لئے مستحق افراد کی نشاندہی کرنا تھا۔ اس سروے میں بہت سی خامیاں تھیں۔ اس لئے نئے سروے کی ہدایت کی گئی جو نادرا کے تعاون سے 2020ء تک مکمل ہو جائے گا۔ اس مقصد کے لئے تمام صوبوں میں بہت سی غیر سرکاری تنظیموں کو کوائف جمع کرنے اور ان کی تصدیق کا کام سونپا گیا۔ جو ڈیٹا جمع کیا جائے گا اس کی جیو ٹیگڈ کے ذریعے تیسری پارٹی سے تصدیق کرائی جائے گی تاکہ اس میں کسی بھی قسم کی خامیوں کو دور کیا جا سکے۔ وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ ایک مرکزی کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے جہاں ارکان پارلیمان اپنے متعلقہ حلقوں کے حوالے سے کوائف کی تصدیق کر سکتے ہیں اور اس سلسلہ میں مدد کر سکتے ہیں کہ کوئی بھی علاقہ اس پروگرام کے دائرہ کار سے محروم نہ رہے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ پروگرام کے تحت مستحق افراد کی طرف سے خود کو رجسٹرڈ کرانے کی مہم بھی شروع کی جائے گی تاکہ کوئی بھی مستحق شخص احساس پروگرام سے استفادہ سے محروم نہ رہے۔ مستحق افراد کی طرف سے خود رجسٹر کرانے کی مہم کے دوران رجسٹرڈ کئے گئے افراد کے کوائف کی بھی شفافیت اور ہم آہنگی کے تناظر میں تصدیق کی جائے گی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ “احساس ” موجودہ حکومت کی طرف سے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے شروع کیا جانے والا انتہائی اہم منصوبہ ہے جس کے ذریعے غربت کے خاتمے، تعلیم، صحت اور غذائی پروگراموں کو عملی جامہ پہنایا جائے گا۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ مقامی حکومتوں اور انتظامیہ کے تعاون سے سروے کے دوران 100 فیصد آبادی کی کوریج کو یقینی بنایا جائے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ یہ سروے ایک قومی سرگرمی ہے اور اس کے ذریعے جو مرکزی ڈیٹا بیس بنایا جائے اسے یوٹیلٹی سٹورز کے ذریعے معاشرے کے مستحق شہریوں کو کھانے پینے کی اشیا کی فراہمی اور دوسری سماجی و فلاحی تنظیموں اور اداروں کے لئے بھی استمعال کیا جا سکے۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ سروے کے عمل کے دوران ہر ممکن حد تک شفافیت کو یقینی بنایا جائے تاکہ کوئی بھی مستحق شہری سماجی فلاح و بہبود کے پروگراموں سے محروم نہ رہیں۔ انہوں نے اس عمل کو جلد سے جلد مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی۔