وزیر اعظم عمران خان کی زیرِصدارت پاکستان آئی لینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ورکنگ گروپس کا اجلاس

اسلام آباد۔20نومبر (اے پی پی):وزیر اعظم عمران خان کی زیرِصدارت جمعہ کو پاکستان آئی لینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ورکنگ گروپس کا اجلاس منعقد ہوا جس میں گورنر سندھ عمران اسماعیل اور چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم کو دونوں منصوبوں پر ہونے والی اب تک کی پیش رفت …

اسلام آباد۔20نومبر (اے پی پی):وزیر اعظم عمران خان کی زیرِصدارت جمعہ کو پاکستان آئی لینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ورکنگ گروپس کا اجلاس منعقد ہوا جس میں گورنر سندھ عمران اسماعیل اور چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم کو دونوں منصوبوں پر ہونے والی اب تک کی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا ۔وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ راوی سٹی اور جزائر پر بسائے جانے والے شہر ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ سرسبز شہر (گرین سٹی) کے اصولوں کے عین مطابق ہوں گے۔چیئرمین راوی ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے بتایا کہ تعمیرات کے لئے 18600 ایکڑ اراضی کا سروے مکمل ہو چکا ہے جس میں مقامی آبادی کو بے دخل کرنے یا کہیں اورمنتقل کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ راوی سٹی منصوبہ بین الاقوامی معیار کی رہائش کے ساتھ ساتھ نکاسی آب، زیرِ زمین پانی کے ذخائر کی دستیابی و حفاظت اور ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے خطے میں قابلِ تقلید نمونہ ثابت ہوگا۔واضح رہے کہ یہ منصوبے قرض کی بجائے شراکت داری کی بنیاد پر بنائے جا رہے ہیں جس میں سرمایہ کاری کے لئے بین الاقوامی ادارے و سرمایہ کار دلچسپی کا اظہار کر رہے ہیں۔چیئرمین پاکستان آئی لینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے وزیرِ اعظم کو آئی لینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ماسٹر پلاننگ اور ماحولیاتی مطالعہ کے ضمن بین الاقوامی کمپنیوں کی بڑی تعداد میں دلچسپی کے حوالے سے آگاہ کیا۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاکستان کی سمندری پٹی سیاحت اور بین الاقوامی معیار کی شہری تعمیرات کیلئے نہ صرف موزوں ہے بلکہ بیرونی سرمایہ کاری کے ان گنت مواقع پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ راوی سٹی منصوبہ لاہور جیسے بڑے شہر پر آبادی کے دباؤ کو کم کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان میں اربن پلاننگ کی نئی جہتیں متعارف کرائے گا۔وزیر اعظم نے کہا کہ ان بڑے منصوبوں سے ملکی معیشت اور عام آدمی کی زندگی پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبے مقامی صنعتوں کی ترقی کا باعث بننے کے ساتھ ساتھ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا کرنے کا باعث بنیں گے۔

مزید خبریں