وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے عید میلاد النبی ﷺکے موقع پر پاکستانی عوام اور دنیا بھر کے مسلمانوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے زور دیا ہے کہ ذاتی اور اجتماعی دونوں زندگیوں میں پیغمبر اسلام (ص) کی تعلیمات اور نمونے پر عمل پیرا ہوں
وفاقی وزیر داخلہ کی عید میلادالنبی ﷺپر قوم اور امت مسلمہ کو مبارکباد

مزید خبریں
اسلام آباد۔26اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے عید میلاد النبی ﷺکے موقع پر پاکستانی عوام اور دنیا بھر کے مسلمانوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے زور دیا ہے کہ ذاتی اور اجتماعی دونوں زندگیوں میں پیغمبر اسلام (ص) کی تعلیمات اور نمونے پر عمل پیرا ہوں۔وزارت داخلہ کی جانب سے بدھ کو جاری مبارکباد کے پیغام میں وفاقی وزیر نے کہا کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی آج بھی معاشروں کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے رہنمائی فراہم کرتی ہے۔محسن نقوی نے کہا کہ اللہ کے آخری رسول حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم تمام انسانیت کے لیے رحمت بنا کر بھیجے گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی پیدائش رہنمائی ، انصاف اور ہمدردی کا پیغام لے کر آئی، جو بنی نوع انسان کو سچائی اور انسانی وقار پر مبنی راستہ پیش کرتی ہے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ اعلان نبوت سے قبل نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم دیانت اور امانت داری کے لیے مشہور تھے۔ اپنے کردار اور طرز عمل کے ذریعے انہوں نے سچائی اور ذمہ داری کے وہ معیار قائم کیے جو نسل در نسل لوگوں کو متاثر کر رہےہیں۔محسن نقوی نے کہا کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے مشن نے جہالت کو علم سے بدل کر اور انسانیت کو انصاف، حکمت اور اخلاقی اقدار کی طرف رہنمائی کرکے معاشرے کو تبدیل کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیغمبر اکرم (ص) نے لوگوں کو محبت، اخوت، رواداری اور دوسروں کے احترام کے اصول سکھائے۔اسلام کی سماجی تعلیمات پر روشنی ڈالتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے کمزوروں، غریبوں، یتیموں اور ضرورت مندوں کے حقوق کے تحفظ پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ تعلیمات آج بھی متعلقہ ہیں اور ایک متوازن اور خیال رکھنے والے معاشرے کی تعمیر کی بنیاد کے طور پر کام کرتی ہیں۔محسن نقوی نے کہا کہ سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم مسلمانوں کی مذہبی، سماجی اور اخلاقی ترقی کے لیے رہنمائی کا ذریعہ ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ افراد اور برادریوں کو نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی سے سبق حاصل کرنا چاہیے اور انہیں روزمرہ کے معاملات میں لاگو کرنا چاہیے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ جدید دنیا کو درپیش بہت سے مسائل جن میں تنازعات، تقسیم اور عدم استحکام شامل ہیں، کو حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر حل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ اسلامی اصولوں کے مطابق اتحاد، باہمی احترام اور پرامن بقائے باہمی کو فروغ د یا جائے۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے قوم سے عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے موقع پر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات کو اجتماعی طور پر اپناتے ہوئے تجدید عہد کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ اس سے معاشرے کو مضبوط بنانے اور ان اقدار کو فروغ دینے میں مدد ملے گی جن سے پوری انسانیت کو فائدہ پہنچے گا۔







