لاہور۔15اکتوبر (اے پی پی):وزیر اعظم کے مشیر برائے خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچا لیا، ماضی کی حکومتوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملکی معیشت تباہی سے دوچار رہی ‘تعمیراتی شعبہ میں حکومت نے تاریخی پیکج دیا‘کرنٹ اکائونٹ کے خسارے میں کمی حکومت کی کامیاب پالیسیوں کا نتیجہ ہے‘بزنس کمیونٹی …
وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچا لیا،عبدالحفیظ شیخ

مزید خبریں
لاہور۔15اکتوبر (اے پی پی):وزیر اعظم کے مشیر برائے خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچا لیا، ماضی کی حکومتوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملکی معیشت تباہی سے دوچار رہی ‘تعمیراتی شعبہ میں حکومت نے تاریخی پیکج دیا‘کرنٹ اکائونٹ کے خسارے میں کمی حکومت کی کامیاب پالیسیوں کا نتیجہ ہے‘بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کےلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں‘آج پاکستان ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے جمعرات کے روز یہاں گورنر ہائوس لاہور میں بزنس کمیونٹی کے وفد سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور ‘صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت اورچیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدرودیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔مشیر خزانہ نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک تباہی کے دہانے تک پہنچ گیا ‘ پی ٹی آئی کی حکومت نے عمران خان کی قیادت میں ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچالیا ہے۔انہوں نے کہاکہ سابق ادوار میں ناقص منصوبہ بندی کی بدولت ملکی برآمدات زیرو سے بھی کم رہیں اور ملکی انڈسٹری خسارے کا شکارہو گئی۔انہوں نے کہاکہ آئی ایم ایف کے پاس شوق سے نہیں مجبوری کے تحت گئے‘مشکل معاشی صورتحال سے نکلنے کےلئے حکومت کو سخت فیصلے کرنا پڑے‘تاہم اب معاملات بہت بہتر ہوچکے ہیں‘پاکستان کی مستحکم معیشت کا آج پوری دنیا اعتراف کر رہی ہے‘ ایسے معاشی اقدامات کر رہے ہیں جس سے پائیدار اور مستحکم معیشت ابھرے اور حکومت سے وابستہ امیدیں پوری ہوں۔انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کو روزگار کے یکساں مواقع فراہم کرنے کےلئے حکومت موثر اقدامات کر رہی ہے۔عبدالحفیظ شیخ نے کہاکہ کورونا وائرس کی وجہ سے حکومتی قرضے بڑھے ہیں‘حکومت نے 5 ہزار ارب روپے کے قرضے واپس کئے ہیں‘بیرونی خسارے کو 20 ارب ڈالر سے 3 ارب ڈالر تک لایا گیا ہے‘نان ٹیکس ریونیو 11 ہزارارب سے 15 ہزار ارب تک پہنچا یا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت نے برآمدات پر ٹیکسز میں خاطر خواہ کمی کےلئے ایسی مثبت پالیسیاں بنائیں تاکہ ملکی انڈسٹری کو اپنی پراڈکٹس بیرون ممالک برآمد کرنے میں کوئی دشواری پیش نہ آئے ‘ہمیں پرائیویٹ سیکٹر کو مضبوط کرنا ہو گا جس کےلئے ایک اچھا ماحول پیدا کر کے بہتر پالیسیاں بناکر پرائیویٹ سیکٹر کو فراہم کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ حکومتی اخراجات میں کمی کر کے قومی خزانہ پر بوجھ کم کیا گیا ہے۔مشیر خزانہ نے کہا کہ ماضی میںملکی معیشت کو جو پائیداری اور استحکام نہ مل سکا موجودہ حکومت کی پوری کوشش ہے کہ نہ صرف ملکی معیشت کو پاﺅں پر کھڑا کیا جائے بلکہ پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل کیا جاسکے۔انہوں نے کہاکہ گندم کی قیمتوں میں اضافے کی بنیادی وجہ ملکی پیداوار میں زیادہ ڈیمانڈ ہے جس کی وجہ سے گندم باہر سے منگوانی پڑی‘حکومت نے اخراجات میں کمی اور ٹیکس کولیکشن میں اضافہ کر دیا۔انہوں نے کہاکہ ذخیرہ اندوزوں اور مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں کےخلاف سخت کارروائی کی جائے گی، مہنگائی کو کم کرنے کے حوالے سے وزیر اعظم عمران خان بھی خود مانیٹرنگ کر رہے ہیں، حکومت بہت جلد مہنگائی پر بھی قابو پا لے گی۔ اس موقع پر گورنر پنجاب چوہدری محمد سرورنے کہا کہ کرونا وائرس سے پہلے تحریک انصاف کی حکومتی کارکردگی کو دنیا بھر نے سراہا ‘پاکستان اب ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے۔انہوں نے کہاکہ ملکی معیشت کی ترقی میں بزنس کمیونٹی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے‘ بزنس کمیونٹی کےلئے میرے دروازے 24 گھنٹے کھلے ہیں‘تاجر برادری کو درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ قبل ازیں چیمبر آف کامرس اور تاجر برادری کے وفد نے وزیر اعظم کے مشیر برائے خزانہ عبدالحفیظ شیخ اور گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے ملاقات کی اور انہیں اپنے مسائل کے بارے میں آگاہ کیا‘حکومتی شخصیات نے وفد کو ان کے مسائل کے حل کی یقین دہانی کروائی۔








