اسلام آباد۔4مارچ (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ہندو ئوں کے مذہبی تہوار ’’ہولی‘‘ کے موقع پر ہندو برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تہوار پاکستان کے ثقافتی تنوع کا مظہر اور معاشرتی ہم آہنگی کا عکاس ہے، ہندو برادری ہمارے معاشرے کا بیش قدر حصہ ہے جس کا سماجی ہم آہنگی، معاشی ترقی و خوشحالی اور پُرامن بقائے باہمی میں مثبت کردار ہے۔ ان …
وزیر اعظم کی ہولی کے موقع پر ہندو برادری کو مبارکباد، یہ تہوار پاکستان کے ثقافتی تنوع کا مظہر اور معاشرتی ہم آہنگی کا عکاس ہے، محمد شہباز شریف

مزید خبریں
اسلام آباد۔4مارچ (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ہندو ئوں کے مذہبی تہوار ’’ہولی‘‘ کے موقع پر ہندو برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تہوار پاکستان کے ثقافتی تنوع کا مظہر اور معاشرتی ہم آہنگی کا عکاس ہے، ہندو برادری ہمارے معاشرے کا بیش قدر حصہ ہے جس کا سماجی ہم آہنگی، معاشی ترقی و خوشحالی اور پُرامن بقائے باہمی میں مثبت کردار ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہولی کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔
پی ایم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ آج( بروز بدھ ) ہندوؤں کے مذہبی تہوار ہولی کے موقع پر وہ پاکستان کی ہندو کمیونٹی کےلئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہولی کا تہوار خوش نما رنگوں کے امتزاج سے معاشرتی ہم آہنگی کی عکاسی کرتا ہے،اس کی روایات پاکستان کی ثقافتی تنوع کی مظہر ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہندو کمیونٹی ہمارے معاشرے کا بیش قدر حصہ ہے جس کا ملکی سماجی ہم آہنگی، معاشی ترقی و خوشحالی اور پُرامن بقائے باہمی میں مثبت کردار ہے۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ آئین پاکستان بلا تفریق رنگ و نسل، مذہب و عقیدہ تمام شہریوں کے لئے مذہبی آزادی اور انسانی حقوق کا تخفظ کرتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت پاکستان تمام اقلیتوں کے آئینی حقوق کی محافظ ہے، اس تناظر میں حکومتی اقدامات میں پالیسی برائے بین المذاہب ہم آہنگی (2025) اور حکمت عملی برائے مذہبی برداشت (2025) نمایاں ہیں۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے بین المذاہب مکالمے ، عبادت گاہوں کی حفاظت اور باہمی احترام کی سماجی روش کے فروغ کے لئے من حیث القوم کام کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے دعوت دی کہ آئیے آج اس قومی عزم کی تجدید کریں کہ ہم رواداری، ہمدردی اور یکجہتی کی اقدار کے ساتھ پر امن، مشترک اور خوشحال مستقبل کے لئے مل کر کاوشیں جاری رکھیں گے۔








