اسلام آباد ۔ 3 اپریل (اے پی پی) وزیر اعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ پلانٹ فار اسلام آباد، صاف و سرسبز پاکستان پروگرام کا آخری مرحلہ ہے، اس حوالے سے ملک بھر میں شجرکاری کے دن منائے گئے ہیں جہاں زیادہ سے زیادہ پودے لگانے کے لئے صوبوں نے قائدانہ کردار ادا کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پلانٹ فار اسلام …
وزیر اعظم کے مشیر موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم کا شجر کاری کی تقریب سے خطاب

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 3 اپریل (اے پی پی) وزیر اعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ پلانٹ فار اسلام آباد، صاف و سرسبز پاکستان پروگرام کا آخری مرحلہ ہے، اس حوالے سے ملک بھر میں شجرکاری کے دن منائے گئے ہیں جہاں زیادہ سے زیادہ پودے لگانے کے لئے صوبوں نے قائدانہ کردار ادا کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پلانٹ فار اسلام آباد ڈے کی مناسبت سے زوالوجیکل سروے آف پاکستان کے بوٹینیکل گارڈن کی اراضی پر شجر کاری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ آکسفورڈ یونیورسٹی کی تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ درخت موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کرنے کاسب سے سستا اور مو¿ثر ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے لئے بلین ٹری سونامی مثال ہے۔ امریکا کے ایک غیر سرکاری ادارہ نے اسے دنیا بھر کے پانچ بہترین پروگراموں میں سے دوسرے نمبر کا پروگرام قرار دیا ہے جو موسمیاتی تبدیلی کے اثرات پر قابو پانے کا اہم اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے نوجوانوں نے وزیر اعظم کے صاف و سرسبز پروگرام کو اپنایا ہے جس سے یہ مہم کامیاب ہوئی ہے۔ وزیر اعظم خود اس پروگرام کی قیادت کررہے ہیں۔ امین اسلم نے کہا کہ زوالوجیکل سروے آف پاکستان کے بوٹینیکل گارڈن کی 6 ایکڑ اراضی پر 10 ہزار پودے لگائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے 10ارب پودے لگانے کا مشکل کام اپنایا ہے جو عوام کی شمولیت سے مکمل کیا جائے گا۔ ہمیں اپنے ماحول کو صاف سرسبز اور صحت مند بنانا ہو گا۔ نوجوانوں کو اس سلسلہ میں آگاہی پیدا کرنے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ وزیر اعظم کے مشیرنے کہاکہ ہمیں پانے ملک کو پلاسٹک کی آلودگی سے پاک بنانا ہے کیونکہ اس سے ملک کے ہر حصے میں آلودگی کے سنگین مسائل پیدا ہوئے ہیں۔ اس سلسلہ میں ہم اسلام آباد کو پلاسٹک فری شہر بنائیں گے۔ اس موقع پر وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے پوری قومی اور بالخصوص نوجوانوں کو ایک وژن دیا ہے ۔ پلانٹ فاراسلام آباد در اصل پورے پاکستان اور ہماری آنے والی نسلوں کے لئے ہے۔ صاف سرسبز پاکستان وزیراعظم عمران خان کاخواب ہے۔ یہ رویوں میں تبدیلی لانے کی ایک تحریک ہے جو صفائی ستھرائی سے متعلق ہے، صفائی ہمارے ایمان کاحصہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستانی نوجوان انتہائی ذہین اور باصلاحیت ہیں، ملک کو صاف سرسبز اور صحت افزاءبنانے کے لئے ان کا کردار بہت اہم ہو گا۔ اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری برائے موسمیاتی تبدیلی رخسانہ نوید، سیکرٹری موسمیاتی تبدیلی حسن ناصر جامی، ایڈیشنل سیکرٹری بابر حیات تارڑ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بلاول ابڑو اور ڈائریکٹر زیڈ ایس پی الطاف حسین بھی موجود تھے۔ اس تقریب کا اہتمام اسلام آباد ڈینٹل اینڈ میڈیکل کالج کے تعاون سے کیا گیا۔








