اسلام آباد ۔ 11 دسمبر (اے پی پی) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفرمرزا نے کہا ہے کہ حکومت جاپان پولیو ویکسین کی خریداری کیلئے پاکستان کو 4.5 ملین ڈالر کی امداد فراہم کرے گی، اس امداد سے پاکستان انسداد پولیو پروگرام دسمبر 2019ء سے نومبر 2020ء تک پانچ سال تک کے 2 کروڑ بچوں کو پولیو ویکسین پلانے کا ہدف حاصل کرسکے گا۔ ان خیالات کا …
وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفرمرزا کا جائیکا اور یونیسیف کے درمیان معاہدے پر دستخطوں کی تقریب سے خطاب

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 11 دسمبر (اے پی پی) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفرمرزا نے کہا ہے کہ حکومت جاپان پولیو ویکسین کی خریداری کیلئے پاکستان کو 4.5 ملین ڈالر کی امداد فراہم کرے گی، اس امداد سے پاکستان انسداد پولیو پروگرام دسمبر 2019ء سے نومبر 2020ء تک پانچ سال تک کے 2 کروڑ بچوں کو پولیو ویکسین پلانے کا ہدف حاصل کرسکے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو جائیکا اور یونیسیف کے درمیان معاہدے پر دستخطوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پاکستان انسداد پولیو پروگرام کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ 4.5 ملین ڈالر کی امداد سے پولیو سے بچاؤ کی ویکسین کی خریداری کی جائے گی اور مذکورہ امداد سے 22.69 ملین پولیو کے قطروں کی خریداری کی جائے گی جس سے 2 کروڑ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ جس کا پولیو کے خاتمے میں کلیدی کردار ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ "پاکستان کو اس وقت پولیو کے خاتمے میں مشکل صورتحال کا سامنا ہے تاہم حکومت پاکستان ملک سے پولیو کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے اور ہرممکن کوشش کررہی ہے کہ پولیو ویکسین تمام بچوں تک پہنچے۔ پاکستان کو پولیو سے پاک ملک بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔” انہوں نے مزید کہا کہ "حکومت جاپان کی مسلسل امداد سے بہترین معیار کی پولیو مہمات ممکن ہوسکیں گی اور پانچ سال سے کم عمر بچوں تک پولیو ویکسین کی رسائی ممکن ہوسکے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے حالیہ برسوں میں پولیو وائرس پر بڑی حد تک قابو پایا ہے تاہم 2019 میں پولیو مہمات میں بڑے پیمانے پر انسداد پولیو قطروں سے رہ جانے والے بچوں کی وجہ سے پولیو کیسز رپورٹ ہوئے۔ رواں سال پولیو کے 94 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں زیادہ کیسز خیبرپختونخوا سے رپورٹ ہوئے ہیں۔پاکستان انسداد پولیو پروگرام 2020 میں پولیو وائرس کے خاتمے کیلئے موثر پولیو مہمات کی منصوبہ بندی کر چکا ہے جن میں 3 قومی انسداد مہمات اور 3 ضمنی قومی مہمات ہوں گی۔ پولیو کے خاتمے کیلئے بچوں کو ہر مہم میں پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانا اشد ضروری ہیں۔ جس سے نہ صرف پولیو وائرس کا تدارک ممکن ہوسکے گا بلکہ بچوں کی قوت مدافعت میں بھی اضافہ ہوگا۔ حکومت جاپان 1996ء سے پاکستان میں پولیوکے خاتمے کے پروگرام کے ساتھ تعاون کررہی ہے۔ حکومت جاپان کی طرف سے اب تک انسداد پولیوکے خاتمے کیلئے 221.87 ملین امریکی ڈالر (24،128 ملین جاپانی ین) کے فنڈزفراہم کئے جا چکے ہیں۔اس موقع پر پاکستان میں جاپانی سفارتخانے میں تعینات یوسوک شیندو نے کہا کہ حکومت جاپان، حکومت پاکستان اور یونیسیف کے ساتھ مل کر پاکستان سے پولیو کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے اورامید کی جاتی ہے کہ حکومت پاکستان ملک سے اس موذی مرض کے خاتمے کیلئے اپنی کوششوں میں مزید بہتری لے کر آئے گی اور عوام کو اس موذی مرض کی آگاہی میں موثر کردار ادا کرے گی۔








