وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے نواں کلی میں تربیتی طیارے کے حادثے کے دوران انسانی جانیں بچانے کے لیے آگے بڑھنے والے نوجوان حکمت اللہ نے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے نوجوان کی بہادری اور جرات کو سراہتے ہوئے حکومت بلوچستان کی جانب سے انہیں تعریفی سرٹیفکیٹ پیش کیا۔ وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے نوجوان حکمت اللہ کے جذبۂ انسانیت کو خراج تحسین پیش …
وزیر اعلیٰ بلوچستان سےتربیتی طیارے کے حادثے کے دوران انسانی جانیں بچانے کے لیے آگے بڑھنے والے نوجوان حکمت اللہ کی ملاقات

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 17 اکتوبر (اے پی پی):وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے نواں کلی میں تربیتی طیارے کے حادثے کے دوران انسانی جانیں بچانے کے لیے آگے بڑھنے والے نوجوان حکمت اللہ نے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے نوجوان کی بہادری اور جرات کو سراہتے ہوئے حکومت بلوچستان کی جانب سے انہیں تعریفی سرٹیفکیٹ پیش کیا۔ وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے نوجوان حکمت اللہ کے جذبۂ انسانیت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ایسے باہمت نوجوانوں پر فخر ہے جو مشکل اور ہنگامی حالات میں اپنی جان کی پروا کیے بغیر دوسروں کی مدد کے لیے آگے بڑھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکمت اللہ جیسے نوجوان بلوچستان کا قابل فخر سرمایہ اور دوسروں کے لیے قابل تقلید مثال ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہماری سکیورٹی فورسز ملک و قوم کے تحفظ اور ایک محفوظ و روشن مستقبل کے لیے قربانیاں دے رہی ہیں۔ نواں کلی میں طیارہ حادثے کے مقام پر انسانی جانیں بچانے کے لیے نوجوانوں کا آگے بڑھنا اس حقیقت کا عملی اظہار ہے کہ بلوچستان کے عوام اپنی سکیورٹی فورسز کے ساتھ محبت اور وابستگی رکھتے ہیں۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بے بنیاد پروپیگنڈے کے ذریعے بلوچستان کے عوام اور سکیورٹی فورسز کے درمیان فاصلے پیدا کرنے کی کوششیں حقیقت کے برعکس ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات اس امر کی عکاسی کرتے ہیں کہ بلوچستان کے عوام ہر جگہ اور ہر حال میں اپنی بہادر سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے نوجوان حکمت اللہ کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ انسانیت کی خدمت، جرات اور دوسروں کی جان بچانے کے لیے عملی کردار ادا کرنا قابل تحسین عمل ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ معاشرے میں ایسے مثبت کرداروں کی حوصلہ افزائی جاری رکھی جائے گی تاکہ نوجوانوں میں خدمتِ خلق، ذمہ داری اور قومی یکجہتی کے جذبات مزید فروغ پائیں۔








