وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن کے تحت صوبے میں کھیلوں کے فروغ کے لیے ٹھوس اور مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں،بیرسٹر دانیال چوہدری
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن کے تحت صوبے میں کھیلوں کے فروغ کے لیے ٹھوس اور مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں،بیرسٹر دانیال چوہدری
راولپنڈی۔2مئی (اے پی پی):وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن کے تحت صوبے میں کھیلوں کے فروغ کے لیے ٹھوس اور مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ راولپنڈی ڈویژن گریڈ-2 کرکٹ ٹیم کے انتخاب کے لیے باقاعدہ ٹرائلز کا آغاز کر دیا گیا ہے جہاں خالصتاً میرٹ کی بنیاد پر باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں کو آگے لانے کا عملی مرحلہ شروع ہو چکا ہے۔
راول پارک کرکٹ گراؤنڈ میں ٹرائلز کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی واضح ہدایات ہیں کہ کھیلوں کے شعبے میں سفارش کلچر کا مکمل خاتمہ کیا جائے اور نچلی سطح سے حقیقی ٹیلنٹ کو تلاش کر کے اسے آگے بڑھنے کے مساوی مواقع فراہم کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اسی لیے ٹرائلز کے اس عمل کو مکمل شفاف اور میرٹ پر مبنی بنایا گیا ہے تاکہ کسی بھی باصلاحیت کھلاڑی کے ساتھ ناانصافی نہ ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹرائلز کے ذریعے منتخب ہونے والی ٹیم کو حکومت پنجاب کی جانب سے عالمی معیار کی تربیتی سہولیات، کوچنگ اور دیگر تمام ضروری وسائل فراہم کیے جائیں گے۔
اس اقدام کا مقصد نوجوانوں کو نہ صرف کھیلوں کی جانب راغب کرنا ہے بلکہ انہیں ایک محفوظ اور مثبت پلیٹ فارم مہیا کرنا بھی ہے جہاں وہ اپنی صلاحیتوں کو نکھار سکیں۔ بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ حکومت پنجاب کا یہ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام صرف راولپنڈی تک محدود نہیں رہے گا بلکہ صوبے کے تمام ڈویژنز میں اسی طرز پر ٹرائلز کا انعقاد کیا جائے گا جس سے صوبہ بھر کے نوجوانوں کو یکساں مواقع میسر آئیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ان اقدامات کے نتیجے میں مستقبل میں ایسے باصلاحیت کھلاڑی سامنے آئیں گے جو قومی اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کریں گے۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب، ڈائریکٹر جنرل ہارٹیکلچر ایجنسی احمد حسن رانجھا، پنجاب سپورٹس بورڈ کے حکام، کوچز اور کھلاڑیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔









