اسلام آباد ۔ 26 مارچ (اے پی پی) وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی ڈاکٹر پیر نور الحق قادری نے کہا ہے کہ پاکستان میں تمام اقلیتوں کو برابر کے حقوق حاصل ہیں، وزیراعظم کا وژن مذہبی تعصبات پھیلانا نہیں بلکہ محبت، ہم آہنگی اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے، سندھ میں دو ہندو بچیوں کی شادی اور مذہب کی تبدیلی کا معاملہ مذہب کا نہیں …
وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی ڈاکٹر پیر نور الحق قادری کا ہندوﺅں کے مذہبی تہوار ہولی کی تقریب سے خطاب

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 26 مارچ (اے پی پی) وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی ڈاکٹر پیر نور الحق قادری نے کہا ہے کہ پاکستان میں تمام اقلیتوں کو برابر کے حقوق حاصل ہیں، وزیراعظم کا وژن مذہبی تعصبات پھیلانا نہیں بلکہ محبت، ہم آہنگی اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے، سندھ میں دو ہندو بچیوں کی شادی اور مذہب کی تبدیلی کا معاملہ مذہب کا نہیں سماج کا دکھ ہے، اس معاملہ کی غیر جانبدارانہ تحقیقات ہونی چاہئیں تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کا سدباب کیا جا سکے۔ وہ منگل کو وزارت مذہبی امور کے زیر اہتمام پاکستان نیشنل آرٹس کونسل (پی این سی اے) میں منعقدہ ہندوﺅں کے مذہبی تہوار ہولی کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وہ تقریب کے انعقاد پر وزارت کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ ہندو مذہب کے تہوار ہولی کے حوالہ سے اس خوبصورت تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ انہوں نے ہولی کے تہوار پر ہندو مذہب کے ماننے والوں کو مبارکباد دی اور کہا کہ یہ پاکستان کیلئے خوشیوں اور راحتوں کا باعث بنے۔ پیر نور الحق قادری نے کہا کہ ہولی اور اس قسم کے تہوار سماج اور ثقافت کے رنگ ہیں، پاکستان ہم سب کا گھر ہے، اسے سب نے مل کر آباد کرنا اور گل و گلزار بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندو، سکھ، عیسائی اور مسلمان سب پاکستانی ہیں اور پاکستان ان کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ برصغیر کی تقسیم کے وقت ہندو مذہب کے ماننے والے کچھ تو بھارت چلے گئے اور کچھ کے بزرگوں نے یہیں رہنے کا فیصلہ کیا اور وقت نے ثابت کر دیا کہ ان کا پاکستان میں رہنے کا فیصلہ درست تھا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا وژن مذہبی تعصبات پھیلانا نہیں بلکہ محبت، ہم آہنگی اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سب کو برابر کے حقوق حاصل ہیں۔ پیر نور الحق قادری نے کہا کہ قرآن کی تعلیمات انسانیت کے اردگرد گھومتی ہیں، اسلام دیگر تمام مذاہب اور ان کی مذہبی شخصیات کے احترام کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت عمرؓ نے جب یروشلم فتح کیا تو ان سے پوچھا گیا کہ ان کے کیا حقوق ہوں گے تو انہوں نے فرمایا ان کے وہی حقوق ہیں جو ہمارے ہیں اور ان کے وہی فرائض ہیں جو ہمارے ہیں یعنی کہ انہیں برابری کے حقوق حاصل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا کرتارپور راہداری کھولنے کا اقدام دلوں کو کھولے گا اور دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان نفرتوں کو ختم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں دو ہندو بچیوں کی شادی اور مذہب کی تبدیلی کا معاملہ مذہب کا نہیں سماج کا دکھ ہے، اس معاملہ کی غیر جانبدارانہ تحقیقات ہونی چاہئے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کا سدباب کیا جا سکے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی دو مساجد کے واقعہ پر نیوزی لینڈ اور کینیڈا کے وزراءاعظم نے جس تحمل، بردباری اور فہم و فراست سے اس کو سنبھالا اس پر میں انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ پارلیمانی سیکرٹری برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی آفتاب جہانگیر، انسانی حقوق کی وزارت کے پارلیمنٹ سیکرٹری لال چاند مالہی، ایم این اے ڈاکٹر رمیش کمار، سینیٹر ڈاکٹر اشوک کمار، ایم این اے شنیلہ رتھ، ایم این اے جمشید تھامس، ایم این اے جیمز اقبال، ہندو مذہبی رہنما پنڈت چنا لال اور پاکستان میں رہنے والی مختلف اقلیتوں کے نمائندوں نے بھی خطاب کیا ہندوﺅں اور دیگر مذاہب سے تعلق رکھنے والوں کی بڑی تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی۔ اس موقع پر ہندوﺅں کی مذہبی رسم آرتی، مذہبی نغمے اور رقص پیش کیا گیا۔








