وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا افریقی ممالک میں تعینات پاکستانی سفرا کی دو روزہ کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب

اسلام آباد ۔ 27 نومبر (اے پی پی)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان کے افریقی ممالک کے ساتھ بہترین سیاسی اور سفارتی تعلقات ہیں‘ افریقی ممالک کے ساتھ مثبت بامقصد اور یکساں ترقی کے مقاصد کے اصولوں کے تحت روابط کے خواہاں ہیں‘ ہمیں باہمی تجارتی حجم بڑھانے ضرورت ہے‘ معاشی سفارتکاری کے ذریعے معیشت کو مستحکم بنائیں گے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار بدھ کو …

اسلام آباد ۔ 27 نومبر (اے پی پی)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان کے افریقی ممالک کے ساتھ بہترین سیاسی اور سفارتی تعلقات ہیں‘ افریقی ممالک کے ساتھ مثبت بامقصد اور یکساں ترقی کے مقاصد کے اصولوں کے تحت روابط کے خواہاں ہیں‘ ہمیں باہمی تجارتی حجم بڑھانے ضرورت ہے‘ معاشی سفارتکاری کے ذریعے معیشت کو مستحکم بنائیں گے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار بدھ کو یہاں وزارت خارجہ میں افریقی ممالک میں تعینات پاکستانی سفرا کی دو روزہ کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں انتہائی مسرت ہے کہ اس وقت صدر پاکستان اس کانفرنس کی افتتاحی تقریب میں شریک ہیں‘ اس کانفرنس کے دو بنیادی مقاصد ہیں‘پہلا افریقی ممالک کے ساتھ اپنے روابط کا فروغ اور دوسرا پاکستان کے معاشی استحکام کے لئے عملی اقدام کرنا ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ افریقہ ایک اہم براعظم ہے جو54 ممالک پر مشتمل، 2.3 ٹریلین ڈالر کی مجموعی جی ڈی پی کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے افریقی ممالک کے ساتھ بہترین سیاسی، سفارتی تعلقات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سکیورٹ فورسز قیام امن کیلئے اقوام متحدہ کے امن مشنز کے تحت بہت سے افریقی ممالک میں خدمات سرانجام دے چکی ہیں۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے این اے ایم اور جی۔ 77،جیسے بین الاقوامی فورمز پر افریقی ممالک کا ساتھ دیا‘ افریقی ممالک کے 700 ڈپلومیٹس، پاکستان کی فارن سروس اکیڈمی سے تربیت حاصل کر رہے ہیں، ہمیں افریقی ممالک کے ساتھ اپنی تجارت کے حجم کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے معاشی سفارتکاری کا آغاز کیا ہے جس کے تحت ہم برآمدات کو بڑھانے اور کثیر الجہتی معاشی شعبہ جات میں کاوشوں کو بروئے کار لا کر، قیادت کے وژن کے مطابق معیشت کو مستحکم کرنے کیلئے پر عزم ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم افریقی ممالک کے ساتھ مثبت، بامقصد اور یکساں ترقی کے مقاصد کے باہمی اصولوں کے تحت روابط کے خواہشمند ہیں۔مجھے امید ہے کہ یہ سفراءکانفرنس افریقی ممالک کے ساتھ ہمارے باہمی تعلقات اور اقتصادی تعاون کو مزید مستحکم کرے گی۔