وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا افریقی ممالک میں تعینات سفرا کی کانفرنس کے دوسرے سیشن سے خطاب

اسلام آباد ۔ 27 نومبر (اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستانی سفراءدنیا بھر میں پاکستان کے علمبردار ہیں، وزارت خارجہ کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے اور افسران کے ساتھ روابط کو فعال بنانے کے لیے جلد ”ایف ایم ڈائریکٹ“ سروس کا آغاز کیا جائے گا۔یہ بات انہوں نے بدھ کو یہاں وزارت خارجہ میں جاری افریقی ممالک میں تعینات سفرا کی کانفرنس …

اسلام آباد ۔ 27 نومبر (اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستانی سفراءدنیا بھر میں پاکستان کے علمبردار ہیں، وزارت خارجہ کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے اور افسران کے ساتھ روابط کو فعال بنانے کے لیے جلد ”ایف ایم ڈائریکٹ“ سروس کا آغاز کیا جائے گا۔یہ بات انہوں نے بدھ کو یہاں وزارت خارجہ میں جاری افریقی ممالک میں تعینات سفرا کی کانفرنس کے دوسرے سیشن کے دوران کہی۔ کانفرنس کا دوسرا سیشن بین الاقوامی امور کے ماہرین اور تجزیہ کاروں کی آراءکے حصول کیلئے مختص کیا گیا تھا۔دوسرے سیشن میں سیکرٹری خارجہ سہیل محمود، سیکرٹری تجارت سردار احمد نواز سکھیرا اور افریقی ممالک میں تعینات پاکستانی سفراءنے شرکت کی۔ انسٹیٹیوٹ آف اسٹریٹیجک اسٹڈیز اسلام آباد کے ڈائریکٹر جنرل اعزاز احمد چوہدری، چیئرمین نادرا عثمان مبین، چیف ایگزیکٹو آفیسر نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ شباحت علی شاہ، ماہر امور بین الاقوامی تعلقات ڈاکٹر رخسانہ صدیقی، سینٹر فار ایشین افریقن اسٹڈیز کی چیف ایگزیکٹو فرزانہ یعقوب اور دفاعی ماہرین نے براعظم افریقہ میں تجارت اور کاروبار کے دستیاب مواقع، پاکستان اور افریقی ممالک کے مابین دو طرفہ تعاون کے فروغ کے حوالے سے مفصل گفتگو کی اور صدر مجلس کو اپنی مرتب کردہ قابل عمل تجاویز سے آگاہ کیا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ مجھے یہ بتاتے ہوئے مسرت ہو رہی ہے کہ ہم اپنی فارن سروس اکیڈمی کو بہت جلد ڈپلومیٹک انکلیو میں واقع اولڈ چائنہ ایمبیسی کی عمارت میں منتقل کر رہے ہیں اور فارن سروس اکیڈمی کی جگہ ”سٹیٹ آف دی آرٹ“ ریسرچ سینٹر قائم کرنے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی سفراءدنیا بھر میں پاکستان کے علمبردار ہیں پاکستان کے تشخص اور امیج کو اجاگر کرنا ان کی اولین ذمہ داریوں میں شامل ہے ۔وزارت خارجہ کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے اور افسران کے ساتھ روابط کو فعال بنانے کے لیے جلد ”ایف ایم ڈائریکٹ“ سروس کا آغاز کیا جائے گا تاکہ وزارت خارجہ کے سسٹنٹ ڈائریکٹر سے لیکر تمام افسران میرے ساتھ ڈائریکٹ رابطے میں ہوں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان 2020ءمیں افریقہ میں متوقع او آئی سی اور کامن ویلتھ کے بین الاقوامی اجلاسوں میں بھرپور شرکت کرے گا تاکہ افریقی ممالک کی سیاسی قیادت کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کیا جا سکے اور دو طرفہ معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے عملی اقدامات کئے جا سکیں۔وزیر خارجہ نے دوسرے سیشن میں ماہرین کی شرکت اور ان کی قیمتی آراء/تجاویز پر ان کا شکریہ ادا کیا۔وزیر خارجہ نے اس مو قع پر کہا کہ ہم افریقی ممالک کے ساتھ اقتصادی تعاون کے فروغ کیلئے بامعنی اور نتیجہ خیز روابط کو فروغ دینے کے خواہشمند ہیں۔افریقی ممالک میں تعینات پاکستانی سفراءنے پاکستان اور افریقی ممالک کے مابین دو طرفہ تعلقات اور مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون اور تجارتی حجم کے حوالے سے شرکاء کو آگاہ کیا۔افریقی ممالک میں تعینات پاکستانی سفراءنے افریقی ممالک کے ساتھ دو طرفہ معاشی تعاون اور تجارتی حجم میں اضافہ کیلئے مختلف تجاویز پیش کیں۔کانفرنس (آج) جمعرات کو بھی جاری رہے گی۔ دو روزہ سفراءکانفرنس کے اختتام پر سفراء کی جانب سے سامنے آنے والی تجاویز کو جامع انداز میں وزیر اعظم عمران خان کے سامنے پیش کیا جائے گا تاکہ پاکستان اور افریقی ممالک کے مابین تعلقات کو مزید مضبوط اور مستحکم بنایا جا سکے۔