اسلام آباد ۔ 2 اپریل (اے پی پی)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی مثبت پالیسیوں سے ٹورازم سیکٹر تیزی سے بہتر ہو رہا ہے، پاکستان کو دنیا بھر کے سیاحوں کیلئے پر کشش ملک بنائیں گے، ویزا پالیسی میں خوشگوار بہتری لائی اور غیر ملکی سیاحوں کیلئے آسانیاں پیدا کی گئی ہیں اور 175ممالک کے شہریوں کو آن لائن ویزا سہولت فراہم کر دی …
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا ٹورازم کانفرنس سے خطاب

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 2 اپریل (اے پی پی)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی مثبت پالیسیوں سے ٹورازم سیکٹر تیزی سے بہتر ہو رہا ہے، پاکستان کو دنیا بھر کے سیاحوں کیلئے پر کشش ملک بنائیں گے، ویزا پالیسی میں خوشگوار بہتری لائی اور غیر ملکی سیاحوں کیلئے آسانیاں پیدا کی گئی ہیں اور 175ممالک کے شہریوں کو آن لائن ویزا سہولت فراہم کر دی گئی ہے، سیاحت کا فروغ ملکی خارجہ پالیسی کا حصہ ہے، کرتار پور راہداری کھلنے سے نہ صرف بھارت کیساتھ تعلقات میں بہتری آئیگی بلکہ اس سے سکھ برادری کو مذہبی سیاحت کیلئے مواقع بھی میسر آئیں گے، بدھ مت کے عقیدت مندوں کیلئے سیاحتی مقامات کھول دیئے گئے ہیں۔ یہ باتیں انہوں نے بدھ کو یہاں ٹورازم کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔وزیر خارجہ نے کہا کہ ملک میں سیاحت کا فروغ حکومت کی تذویراتی ترجیح ہے، موجودہ حکومت کی مثبت پالیسیوں سے ٹورازم سیکٹر بہتر ہوا ہے جبکہ اس کو مزید ترقی دینے کیلئے مزید اقدامات کئے جارہے ہیں۔حکومت اس سلسلے میں نجی سیکٹر کیساتھ بھر پور معاونت کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں سیکورٹی کی صورتحال میں بہتری اور حکومتی اقدامات سے سیاحت میں تین سو فیصد اضافہ ہوا ہے،جس سے حکومت کو اربوں روپے کا منافع حاصل ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ ویزا پالیسی میں مکمل طور پر بہتری لائی گئی ہے اور دنیا بھر کے سیاحوں کو راغب کرنے کی غرض سے اس میں آسانیاں پیدا کی گئی ہیں۔ تقریبا 175ممالک کے شہریوں کو آن لائن ویزا سہولت فراہم کر دی گئی ہے۔بین الاقوامی سرحدوں سے منسلک تمام سڑکوں کو غیر ملکی سیاحوں کیلئے کھول دیا جائیگا اور بیرون ممالک پاکستانی مشنز پانچ سال کیلئے ملٹی پل ویزے جاری کرینگی ،اس کے علاوہ نئی ایوی ایشن پالیسی سے شمالی علاقہ جات میں سیاحت کو فروغ ملے گا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ سیاحت خارجہ پالیسی کا حصہ ہے۔انہوں نے کہا کہ دفتر خارجہ فارن ایڈوائزریز کو ختم کرنے کیلئے ٹھوس کوششیں کر رہا ہے جس کے نتیجے میں پرتگال نے پاکستان کیلئے ٹریول ایڈوائزری ختم کردی ہے جبکہ کینیڈا نے اس میں نرمی کی ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ کرتار پور راہداری کھلنے سے نہ صرف بھارت کیساتھ تعلقات بہتر ہونگے بلکہ سکھ برادری کو مذہبی سیاحت کیلئے مواقع بھی فراہم ہونگے،اس کے علاوہ بدھ مت کے عقیدت مندوں کیلئے سیاحتی مقامات بھی کھول دیئے گئے ہیں۔وزیر خارجہ نے کہا کہ ٹورازم سیکٹر کی کامیابی کیلئے وفاقی،صوبائی اور مقامی حکومتیں خدمات،ٹرانسپورٹ اور مہمان نوازی سیکٹر کیساتھ ملکر کام کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیاحت اور آرٹ کو فروغ دینے کی غرض سے مختلف سٹیک ہولڈرز کو قریب لانے کیلئے نیشنل ٹورازم کوآرڈینشن بورڈ بھی قائم کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹورازم سیکٹر کی مزید بہتری کیلئے ہم ملائشیا،ترکی اور یو اے ای کے تجربات سے بھی استفادہ کرینگے اور پاکستان کو دنیا بھر کے سیاحوں کیلئے پر کشش ملک بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نجی سیکٹر کو بھی بھر پور معاونت فراہم کریگی۔








