اسلام آباد ۔ 24 مارچ (اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ہسپتانوی وزیر خارجہ ارنچا گونزیلز لایا کو ٹیلیفون کیا اور کورونا وائرس کی روک تھام کے حوالے سے حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کورونا وباء کے باعث سپین میں ہونے والی قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ وزیر خارجہ نے اس وبا پر …
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا ہسپتانوی ہم منصب ارنچا گونزیلز لایا کو ٹیلیفون، کورونا وائرس کی روک تھام کے حوالے سے حکمت عملی پر تبادلہ خیال، وباء سے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار، مقبوضہ کشمیر کی تشویشناک صورتحال سے آگاہ کیا

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 24 مارچ (اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ہسپتانوی وزیر خارجہ ارنچا گونزیلز لایا کو ٹیلیفون کیا اور کورونا وائرس کی روک تھام کے حوالے سے حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کورونا وباء کے باعث سپین میں ہونے والی قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ وزیر خارجہ نے اس وبا پر قابو پانے کیلئے سپین کی حکومت کی طرف سے کئے گئے بروقت اقدامات اور اس چیلنج کا عزم و ہمت سے مقابلہ کرنے والے سپین کے ہیلتھ ورکرز کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہمیں یہ دیکھ کر خوشی ہوئی کہ سپین میں مقیم ایک لاکھ کے قریب پاکستانی کمیونٹی مشکل کی اس گھڑی میں ہسپانوی عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ وزیر خارجہ نے اپنے ہسپانوی ہم منصب کو اس عالمی وبائی مرض کے تناظر میں مقبوضہ کشمیر کی تشویشناک صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ 8 ماہ سے 80 لاکھ کشمیری، مسلسل کرفیو کی صورت میں بھارتی استبداد کا سامنا کر رہے ہیں۔ وہاں خوراک اور ادویات کی شدید قلت پیدا ہو چکی ہے، عالمی برادری کو اس صورت حال کا نوٹس لینا چاہئے۔ وزیر خارجہ نے موجودہ عالمی وبا کے تناظر میں ایران پر عائد پابندیوں کے فوری خاتمے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایران میں کورونا وبا کا شکار ہزاروں افراد کی زندگیوں کو بچانے کیلئے ضروری ہے کہ معاشی پابندیوں کو اٹھایا جائے تاکہ ایران اپنے وسائل کو اس وباء کے تدارک کیلئے بروئے کار لا سکے۔ وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ کورونا عالمی وبا کے پھوٹنے سے ترقی پذیر ممالک کو شدید معاشی مشکلات کا سامنا ہے، برآمدات اور زرمبادلہ میں کمی ان مشکلات میں مزید اضافہ کا باعث بن رہی ہے، اسی لئے وزیراعظم عمران خان نے قرضوں کے بوجھ تلے دبے ہوئے ترقی پذیر ممالک کو قرضوں میں سہولت فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ وہ اپنے محدود وسائل کو اس وبا کے پھیلاؤ کو روکنے اور اپنے لوگوں کی زندگیوں کو بچانے کیلئے استعمال میں لا سکیں۔ ہسپانوی وزیر خارجہ نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس مشکل گھڑی میں سپین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے مثبت کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ چیلنج کی موجودگی میں ہمیں ترقی پذیر ممالک کی معاشی مشکلات کا بخوبی اندازہ ہے اور ہم ان ممالک کو معاشی سہولت فراہم کرنے کیلئے معاملہ جی 20 اجلاس میں اٹھائیں گے۔ ہسپانوی وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران سے پابندیاں ہٹانے کا معاملہ یورپی یونین کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں زیر بحث آیا اور آئی ایم ایف کے سامنے معاملہ اٹھانے کی تجویز زیر غور ہے۔ دونوں وزرائے خارجہ نے اس وبا سے نبرد آزما ہونے کے لئے باہمی مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔








