وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی اپنے سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان سے ٹیلیفون پر بات چیت پاکستان اور سعودی عرب کا مقبوضہ جموں وکشمیر سمیت اہم علاقائی امور پر مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق

اسلام آباد ۔ 8 فروری (اے پی پی) پاکستان اور سعودی عرب نے مقبوضہ جموں و کشمیر سمیت اہم علاقائی امور پر دو طرفہ مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔یہ اتفاق ہفتہ کو وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور انکے سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان کے مابین ٹیلیفون پر بات چیت کے دوران پایا گیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل …

اسلام آباد ۔ 8 فروری (اے پی پی) پاکستان اور سعودی عرب نے مقبوضہ جموں و کشمیر سمیت اہم علاقائی امور پر دو طرفہ مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔یہ اتفاق ہفتہ کو وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور انکے سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان کے مابین ٹیلیفون پر بات چیت کے دوران پایا گیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے اپنے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی سے ٹیلی فو نک رابطہ کیا۔بات چیت کے دوران دو طرفہ تعلقات اور خطے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دو طرفہ کثیر الجہتی تعلقات کی اہمیت کو پیش نظر رکھتے ہوئے انہیں مزید مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے او آئی سی رابطہ گروپ کے اہم رکن ہونے کی حیثیت سے، مسئلہ کشمیر پر پاکستانی موقف کی غیر متزلزل اور بھرپور حمایت پر سعودی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔دونوں وزرائے خارجہ کے مابین، مسئلہ کشمیر کو او آئی سی سمیت مختلف پلیٹ فارمز پر اجاگر کرنے کیلئے، مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال ہوا۔دونوں وزرائے خارجہ نے مقبوضہ جموں و کشمیر سمیت اہم علاقائی امور پر دو طرفہ مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔