وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی برائے امور خارجہ بریفنگ

اسلام آباد ۔ 27 اگست (اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اگلے ماہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں مسئلہ کشمیرکو پوری تیاری کے ساتھ اٹھائیں گے، بھارت کی شدید مخالفت کے باوجود سیکورٹی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانا ہماری بہت بڑی سفارتی کامیابی ہے، پاکستانی پارلیمنٹ میں موجود ہر پارٹی نے مسئلہ کشمیر پر ایک موقف اپنایا، پاکستان نہتے کشمیریوں کی …

اسلام آباد ۔ 27 اگست (اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اگلے ماہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں مسئلہ کشمیرکو پوری تیاری کے ساتھ اٹھائیں گے، بھارت کی شدید مخالفت کے باوجود سیکورٹی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانا ہماری بہت بڑی سفارتی کامیابی ہے، پاکستانی پارلیمنٹ میں موجود ہر پارٹی نے مسئلہ کشمیر پر ایک موقف اپنایا، پاکستان نہتے کشمیریوں کی سیاسی اخلاقی اور سفارتی معاونت جاری رکھے گا، 9 ستمبر کو جینوا میں ہیومن رائٹس کمیشن کے اجلاس میں شرکت کروں گا۔ یہ باتیں انہوں نے منگل کو وزارت خارجہ میں منعقدہ قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی برائے امور خارجہ کے اجلاس کو بھارت کی طرف سے 5 اگست کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں اٹھائے گئے یکطرفہ اقدامات اور اس کے بعد خطے میں امن و امان کی صورتحال پر مفصل بریفنگ دیتے ہوئے کہیں۔ اجلاس محمد احسان اللہ ٹوانہ چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے امور خارجہ کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں ممبران قائمہ کمیٹی برائے امور خارجہ سمیت وزارتِ خارجہ کے سینیئر حکام نے بھی شرکت کی۔وزیر خارجہ نے اجلاس کو بتایا کہ میں نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل ، صدر سیکورٹی کونسل، سیکرٹری جنرل او آئی سی اور ہیومن رائٹس کمشنر کو بھارتی اقدامات سے پہلے اور بعد میں خطوط ارسال کئے اور انہیں اس ساری صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے ان یکطرفہ اقدامات کا مقصد مقبوضہ جموں و کشمیر میں آبادیاتی تناسب کو تبدیل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں گزشتہ 23 دن سے، دن رات کرفیو جاری ہے، ذرائع مواصلات پر پابندی عائد کی گئی ہے تاکہ حقائق دنیا سے پوشیدہ رہیں۔ پاکستان اور کشمیری عوام ان بھارتی اقدامات کو پہلے ہی یکسر مسترد کر چکے ہیں جبکہ بھارت میں بھی ایک بڑا سیاسی طبقہ ان اقدامات کے خلاف آواز بلند کر رہا ہے۔

مزید خبریں