وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی ورلڈ فوڈ پروگرام کی خصوصی مشیر اردن کی شہزادی سارہ زید سے بات چیت

اسلام آباد ۔ 29 نومبر (اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان میں خوراک کی کمی کے مسئلہ سے نمٹنے اور زچہ و بچہ کی مناسب دیکھ بھال کے لئے تمام ضروری اقدامات اٹھا رہی ہے۔ یہ بات انہوں نے زچہ و بچہ کی خوراک سے متعلقہ ورلڈ فوڈ پروگرام کی خصوصی مشیر اور اردن کی شہزادی سارہ زید سے بات چیت کرتے …

اسلام آباد ۔ 29 نومبر (اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان میں خوراک کی کمی کے مسئلہ سے نمٹنے اور زچہ و بچہ کی مناسب دیکھ بھال کے لئے تمام ضروری اقدامات اٹھا رہی ہے۔ یہ بات انہوں نے زچہ و بچہ کی خوراک سے متعلقہ ورلڈ فوڈ پروگرام کی خصوصی مشیر اور اردن کی شہزادی سارہ زید سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے جمعہ کو وزارت خارجہ میں ان سے ملاقات کی۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے وزارت خارجہ آمد پر معزز مہمان کا خیرمقدم کیا۔ ملاقات کے دوران ملک میں نادار اور کمزور طبقات کے خوراک اور آبی تحفظ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ وزیر خارجہ نے ورلڈ فوڈ پروگرام کے تحت زچہ و بچہ کی متوازن خوراک سے متعلق آگاہی اور عوام میں اس حوالہ سے شعور بیدار کرنے کے عزم کو سراہا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ موجودہ حکومت پاکستان میں خوراک کی کمی کے مسئلہ سے نمٹنے اور زچہ و بچہ کی مناسب دیکھ بھال کےلئے تمام ضروری اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے قوم سے اپنے اولین خطاب میں خوراک کی کمی اور ملک میں بچوں کی نشوونما میں کمی کے مسائل سے نمٹنے کے عزم کا اظہار کیا تھا جو کہ موجودہ حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ وزیر خارجہ نے شہزادی کو خواتین کو بااختیار بنانے اور غربت کے خاتمہ کیلئے شروع کئے گئے ”احساس پروگرام“ اور اس ضمن میں اٹھائے گئے دیگر اقدامات سے آگاہ کیا۔ وزیر خارجہ کی دعوت پر پاکستان میں اس شعبہ میں کام کرنے والی تین نمائندہ تنظیموں کے نمائندوں نے بھی ملاقات میں شرکت کی۔ غریب اور نادار لوگوں کو راشن تقسیم کرنے والی نجی تنظیم ”رابن ہڈ آرمی“ کے فیصل جمیل، پسماندہ اور دور افتادہ علاقوں کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنے والی ”طیبہ“ تنظیم کی حفصہ نعیم اور کم آمدنی والے طبقات کو رضاکارانہ طور پر کھانا فراہم کرنے والی نجی ”رزق“ تنظیم کے نمائندے حذیفہ احمد بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ورلڈ فوڈ پروگرام کی مشیر اور اردن کی شہزادی سارہ زید نے زچہ و بچہ کی متوازن خوراک سے متعلق حکومت پاکستان کی کاوشوں اور اقدامات کی تعریف کی اور وزیراعظم عمران خان کی طرف سے غربت کے خاتمہ کیلئے شروع کئے گئے ”احساس“ پروگرام کو سراہا۔