اسلام آباد ۔ 30 مارچ (اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجواناں عثمان ڈار نے پیر کو ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم عمران خان کی طرف سے کورونا وائرس کے حوالہ سے خصوصی فنڈ کے قیام اور ضرورت مندوں کی مدد کےلئے ٹائیگر فورس کی تشکیل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا، یہ فورس گھر گھر جا کر …
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجواناں عثمان ڈار کی ملاقات
اسلام آباد ۔ 30 مارچ (اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجواناں عثمان ڈار نے پیر کو ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم عمران خان کی طرف سے کورونا وائرس کے حوالہ سے خصوصی فنڈ کے قیام اور ضرورت مندوں کی مدد کےلئے ٹائیگر فورس کی تشکیل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا، یہ فورس گھر گھر جا کر کھانا فراہم کرے گی۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان پاکستانی نوجوانوں کے جذبے اور استعداد کار کو پیش نظر رکھتے ہوئے نوجوانوں کو کورونا کے خلاف ضرورت مندوں کی مدد کےلئے استعمال کرنا چاہتے ہیں اور اس بار انہیں ”کورونا ٹائیگر فورس“ کا نام دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاو¿ن کی وجہ سے کم آمدنی والے غریب طبقے کی مشکلات کا مکمل ادراک ہے اس غریب کی مشکلات کے ازالے کیلئے کورونا ٹائیگر فورس عمل میں لائی جا رہی ہے۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستانی نوجوانوں نے سیلاب ہو یا زلزلہ ہر مشکل گھڑی میں بہترین جذبے کا مظاہرہ کیا اور بے لوث خدمات سر انجام دیں۔ عثمان ڈار نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر کورونا ٹائیگر فورس کی تشکیل کا عمل شروع کر دیا گیا ہے، نوجوانوں کو سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر اس ٹائیگر فورس کا حصہ بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس رضا کار فورس کو قرنطینہ میں رکھے گئے افراد کی پہرے داری اور ہنگامی حالات میں گھروں تک راشن سپلائی کیلئے استعمال میں لایا جائے گا۔ معاون خصوصی نے وزیر خارجہ کو آگاہ کیا کہ ٹائیگر فورس میں شرکت کیلئے ملک بھر سے رضاکاروں کی رجسٹریشن کا عمل 31 مارچ سے 10 اپریل تک سیٹیزن پورٹل کے ذریعے مکمل کر لیا جائے گا۔ یہ رضا کار ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر اپنے اپنے علاقوں میں ضرورت مند لوگوں کے گھروں تک کھانا فراہم کرنے کی ذمہ داری نبھائیں گے۔









