اسلام آباد ۔ 20 مئی (اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے 18 سے 19 مئی تک کویت کا سرکاری دورہ کیا اور کویتی قیادت سے باہمی دلچسپی کے وسیع امور پر بات چیت کی۔ وزیر خارجہ نے دورے کے دوران امیر کویت عزت مآب شیخ صباح الاحمد الجابر الصباح سے ملاقات کی۔ وزیر خارجہ کو خوش آمدید کہتے ہوئے امیر کویت نے پاکستانی قیادت اور عوام …
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کویت کے سرکاری دورہ میں امیر کویت عزت مآب شیخ صباح الاحمد الجابر الصباح سے ملاقات کی

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 20 مئی (اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے 18 سے 19 مئی تک کویت کا سرکاری دورہ کیا اور کویتی قیادت سے باہمی دلچسپی کے وسیع امور پر بات چیت کی۔ وزیر خارجہ نے دورے کے دوران امیر کویت عزت مآب شیخ صباح الاحمد الجابر الصباح سے ملاقات کی۔ وزیر خارجہ کو خوش آمدید کہتے ہوئے امیر کویت نے پاکستانی قیادت اور عوام کے لئے اپنے گہرے لگاﺅ اور الفت کا اظہار کیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے صدر پاکستان کی جانب سے امیر کویت کو دورہ پاکستان کی دعوت دی۔ وزیر خارجہ نے وزیراعظم کی جانب سے ایک خط بھی امیر کویت کو پیش کیا جس میں پاکستانی شہریوں کو ویزا سے متعلق سہولیات کے حوالے سے ان کی مدد کی درخواست کی گئی تھی۔ وزیر خارجہ نے وفود کی سطح پر کویت کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ عزت مآب شیخ صباح خالد الاحمد الصباح کے ساتھ مذاکرات بھی کئے اور دوطرفہ تعلقات کے وسیع تر پہلوﺅں کا جائزہ لیا۔ وزیر خارجہ نے تجویز کیا کہ دونوں ممالک ادارہ جاتی طریقہ کار وضع کریں جس سے تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، فوڈ سکیورٹی، دفاع اور افرادی قوت سمیت باہمی مفاد میں دوطرفہ تعاون کے لئے شعبہ جات کی نشاندہی ہوسکے۔ اطراف نے اقوام متحدہ، اوآئی سی، اے سی ڈی اور دیگر بین الاقوامی فورمز پر تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ علاقائی امن کے لئے کویت کی کاوشوں کا اعتراف کرتے ہوئے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے علاقائی امن اور استحکام کے فروغ کے لئے دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعاون کی تجویز دی۔ وزیرخارجہ نے کویت کے نائب وزیر اعظم اور وزیرداخلہ شیخ خالد الجراح الصباح سے بھی ملاقات کی اور پاکستانیوں کو درپیش ویزا سے متعلق مسائل پر بات چیت کی۔ اطراف نے اس موضوع پر مزید بات چیت پر اتفاق کیا۔ کویت میں مقیم پاکستانیوں کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اور وزیر داخلہ کویت نے پاکستان سے ہنر مند، پیشہ ورانہ تربیت کی حامل اور نیم ہنر مند افرادی قوت کے حصول میں دلچسپی کا اظہارکیا۔ اعلی سطحی ملاقاتوںکے علاہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کویت کی اعلی کاروباری شخصیات اور سرمایہ کاروں سے بھی ملاقات کی۔ ان ملاقاتوں میں وزیر خارجہ نے کویتی کاروباری شخصیات کو توانائی، پٹرولیم اینڈ پٹروکیمیکلز، زرعی تحقیق، فوڈ پراسیسنگ، ثقافت، سیاحت، تعلیم اور انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سمیت پاکستانی معیشت کے تمام شعبہ جات میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ وزیر خارجہ نے کویت کے سرکاری اور نجی شعبہ کو کم لاگت گھروں کی تعمیر کی حکومتی سکیم میں شراکت داری کی بھی دعوت دی۔ وزیرخارجہ نے وطن واپسی سے قبل کویت میں مقیم پاکستانی برادری سے بھی خطاب کیا۔








