وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا اپنے سعودی ہم منصب ڈاکٹر ابراہیم بن عبدالعزیز العساف سے ٹیلی فون پر بات چیت

اسلام آباد ۔ 30 اگست (اے پی پی)سعودی وزیر خارجہ نے مقبوضہ کشمیر میں گھمبیر صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خطہ میں قیام امن کیلئے روابط کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔ یہ اتفاق رائے جمعہ کو وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور ان کے سعودی ہم منصب ڈاکٹر ابراہیم بن عبدالعزیز العساف کے مابین ٹیلی فون پر بات چیت کے دوران پایا گیا۔ ترجمان …

اسلام آباد ۔ 30 اگست (اے پی پی)سعودی وزیر خارجہ نے مقبوضہ کشمیر میں گھمبیر صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خطہ میں قیام امن کیلئے روابط کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔ یہ اتفاق رائے جمعہ کو وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور ان کے سعودی ہم منصب ڈاکٹر ابراہیم بن عبدالعزیز العساف کے مابین ٹیلی فون پر بات چیت کے دوران پایا گیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں وزراءخارجہ نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی تشویشناک صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہندوستان نے 5 اگست کو غیر قانونی یکطرفہ اقدامات کے ذریعے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کر دیا ہے اور جبراً مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کے درپے ہے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں گذشتہ 25 روز سے مسلسل کرفیو نافذ ہے، ذرائع مواصلات پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے نہتے مسلمانوں کو عید اور نماز جمعہ کی ادائیگی تک نہیں کرنے دی گئی اور مساجد کو مقفل کر دیا گیا۔ بھارت کے مقبوضہ جموں و کشمیر میں اٹھائے گئے یکطرفہ اقدامات بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ سیکورٹی کونسل کی قراردادوں کے یکسر منافی ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے نہتے مسلمانوں کو بھارتی بربریت سے بچانے کےلئے عالمی برادری کو اپنا مو¿ثر کردار ادا کرنا ہو گا۔ وزیر خارجہ نے اپنے سعودی ہم منصب کو اس سلسلہ میں مختلف ممالک کے وزراءخارجہ سے ہونے والے حالیہ روابط اور سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ، صدر سیکورٹی کونسل اور سیکرٹری جنرل او آئی سی کو لکھے گئے خطوط کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔ سعودی وزیر خارجہ نے اس گھمبیر صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خطہ میں قیام امن کیلئے روابط کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

مزید خبریں