کولمبو ۔ 2 دسمبر (اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے سری لنکا میں وفد کے ہمراہ وزیراعظم سیکرٹریٹ میں وزیراعظم مہندا راجا پاکسے سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون، خطہ کی مجموعی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاکستانی وفد میں ڈی جی جنوبی ایشیاءاور وزارت خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل، سری لنکا میں تعینات قائم مقام …
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی وفد کے ہمراہ سری لنکن وزیراعظم مہندا راجا پاکسے سے ملاقات

مزید خبریں
کولمبو ۔ 2 دسمبر (اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے سری لنکا میں وفد کے ہمراہ وزیراعظم سیکرٹریٹ میں وزیراعظم مہندا راجا پاکسے سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون، خطہ کی مجموعی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاکستانی وفد میں ڈی جی جنوبی ایشیاءاور وزارت خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل، سری لنکا میں تعینات قائم مقام پاکستانی ہائی کمشنر سمیت پاکستانی سفارتخانہ کے اعلیٰ حکام بھی شامل تھے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سری لنکن وزیراعظم مہندا راجا پاکسے کو ان کے بطور وزیراعظم تقرری پر وزیراعظم عمران خان اور پاکستانی عوام کی طرف سے دلی مبارکباد دی۔ وزیر خارجہ نے سری لنکن وزیراعظم مہندا راجا پاکسے کی خدمت میں وزیراعظم عمران خان کا خصوصی خط پیش کیا۔ اس خصوصی خط میں وزیراعظم عمران خان نے اپنے سری لنکن ہم منصب کو دورہ پاکستان کی دعوت دی ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوطرفہ دوستانہ تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ کے بطور صدر سری لنکا، گذشتہ ادوار میں پاکستان اور سری لنکا کے مابین دوطرفہ تعلقات کی نوعیت مثالی رہی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان آپ کے ساتھ مل کر کثیرالجہتی شعبہ جات میں دوطرفہ تعاون کے فروغ کے متمنی ہیں، ہمیں پوری توقع ہے کہ آپ کی مقبول قیادت میں سری لنکا امن و استحکام اور خوشحالی کے راستے پر گامزن ہو گا۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی قیادت وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کےلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ستمبر 2019ءمیں سری لنکن کرکٹ ٹیم کی پاکستان آمد سے، پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ دوبارہ بحال ہوئی، ہم آئندہ ٹیسٹ سیریز میں شرکت کیلئے سری لنکن کرکٹ ٹیم کی پاکستان آمد کے منتظر ہیں۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے سری لنکن وزیراعظم کو پاکستان کی طرف سے شروع کی گئی”معاشی سفارتکاری“ کے خدوخال سے آگاہ کیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کے مابین کثیرالجہتی شعبہ جات میں دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے کے متعدد مواقع موجود ہیں جن سے دونوں ممالک بھرپور استفادہ کر سکتے ہیں۔ سری لنکا کے وزیراعظم مہندا راجا پاکسے نے سری لنکا آمد پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو خوش آمدید کہتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کی طرف سے بھجوائے گئے خصوصی تہنیتی پیغام اور دورہ پاکستان کی دعوت پر وزیراعظم عمران خان اور پاکستان کی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔








