مڈگاسکر ،کمپنی کی کینٹین پر کھانا کھانے کے بعد 183 ملازمین فوڈ پوائزننگ کا شکار
مڈگاسکر ،کمپنی کی کینٹین پر کھانا کھانے کے بعد 183 ملازمین فوڈ پوائزننگ کا شکار

مزید خبریں
انتاناناریوو ۔9اکتوبر (اے پی پی):مشرقی افریقی ملک مڈگاسکر کے دارالحکومت انتاناناریوو میں ایک کمپنی میں کھانا کھانے کے بعد 183 ملازمین فوڈ پوائزننگ کا شکار ہو گئے، تاہم اب تک کسی کی موت کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ شنہوا کے مطابق مڈگاسکر کے وزیرِ مواصلات و ثقافت اوگاسکار فینوسوا مندرندراریوونی نے گزشتہ شام کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ متاثرہ افراد کو طبی امداد کے لیے ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے، فوڈ پوائزننگ سے متاثر ہونے والے تمام افراد اسی کمپنی کے ملازمین ہیں۔
ابتدائی اندازے کے مطابق ممکنہ طور پر کمپنی کی کینٹین میں فراہم کیا جانے والا کھانا اس واقعے کی وجہ بنا۔ انہوں نے بتایا کہ کھانے کے نمونے حاصل کرکے تجزیے کے لیے بھیج دیئے گئے ہیں، تاہم نتائج کا انتظار ہے۔ وزیر نے واضح کیا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق یہ واقعہ جان بوجھ کر زہر دینے کا نہیں بلکہ فوڈ پوائزننگ کا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ متعدد سرکاری عہدیداروں نے ہسپتال کا دورہ کرکے متاثرین کی خیریت دریافت کی ہے جبکہ حکومت متاثرہ افراد کے علاج معالجے کے اخراجات برداشت کر رہی ہے۔







