کراچی۔ یکم دسمبر (اے پی پی) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت نے ماضی سے ہٹ کر خارجہ پالیسی میں اہم اقدامات اٹھائے ہیں جس کو دنیا تسلم کررہی ہے، حکومت کی مثبت پالیسیوں کی وجہ سے ملکی معیشت مستحکم ہوئی ہے، پاکستان کو آگے بڑھنا ہے تو سندھ اور کراچی کو آگے بڑھانا ہوگا، یہ لازم و ملزوم ہیں۔ ان …
وزیر خارجہ کی ایم کیو ایم وفد سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو

مزید خبریں
کراچی۔ یکم دسمبر (اے پی پی) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت نے ماضی سے ہٹ کر خارجہ پالیسی میں اہم اقدامات اٹھائے ہیں جس کو دنیا تسلم کررہی ہے، حکومت کی مثبت پالیسیوں کی وجہ سے ملکی معیشت مستحکم ہوئی ہے، پاکستان کو آگے بڑھنا ہے تو سندھ اور کراچی کو آگے بڑھانا ہوگا، یہ لازم و ملزوم ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو ایم کیو ایم (پاکستان ) کے رہنماؤں سے ایم کیو ایم کے دفتر میں ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں شاہ محمود قریشی نے ایم کیو ایم (پاکستان ) کے رہنماؤں سے ملاقات کی۔ وزیرخارجہ کے ہمراہ گورنرسندھ عمران اسماعیل، تحریک انصاف سندھ کراچی کے صدر خرم شیرزمان، سندھ اسمبلی اپوزشن لیڈر فردوس شمیم نقوی، رکن صوبائی اسمبلی حلیم عادل شیخ موجود تھے جبکہ ایم کیو ایم کی طرف سے وفاقی وزیر اور ایم کیوایم کے رہنماء ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، میئر کراچی وسیم اختر، نسرین جلیل اور دیگر موجود تھے۔ بعد ازاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے ماضی سے ہٹ کر خارجہ پالیسی میں اہم تبدلیاں کی ہیں جن کو دنیا تسلیم کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان اقدامات میں کرتار پورراہداری، امریکہ کے ساتھ تعلقات کا ازسرے نو جائزہ، افغانستان امن عمل کو آگے بڑھانے کے حوالے سے اقدامات، سعودی عرب اور ایران کے درمیان غلط فہمیوں میں کمی کی کوشش، مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگرکرنا جیسے اقدامات شامل ہیں ۔ وزیرخارجہ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے مشکل حالات میں ملک کی بھاگ دوڑ سنھبالی۔ انہوں نے کہا کہ معاشی چیلنجز کسی سے پوشیدہ نہیں ہیں، حکومت کی بہتر پالیسیوں کی بدولت ہم معاشی استحکام کی طرف جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معاشی استحکام کو اب ترقی میں منتقل کرناہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ متحدہ قومی مومنٹ (پاکستان) کی قیادت کے مشکور ہیں کہ انہوں نے مشکل حالات میں تحریک انصاف کا ساتھ دیا ہے، آج ان کے ساتھ اچھی نشست رہی جس میں ملکی اور سندھ کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا ہے، ایم کیو ایم اور سندھ کے دیگر اتحادیوں کے ساتھ اگلا اجلاس وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت 5 دسمبر کو اسلام آباد میں ہوگا، آج کے اجلاس کا مقصد آئندہ اجلاس کو مفید بنانے کے لئے تبادلہ خیال کرنا تھا تاکہ ایسے فیصلے کئے جائیں جن سے لوگوں کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا ہوں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمارا مقصد پاکستان، سندھ اور کراچی کی بہتری ہے، ہمیں موثر حکمت عملی کے ساتھ آگے بڑھنا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ 18 ویں آئینی ترمیم اتفاق رائے سے منظور ہوئی تھی ۔اس کے پیچھے سوچ مثبت تھی، سوال یہ ہے کہ اس پر عمل درآمد کیسا ہوا اور کیسا ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 18 ویں آئینی ترمیم کے بعد صوبوں کو جو اختیارات اور مالی وسائل دیئے گئے ماضی میں ایسا نہ تھا۔ وفاق نے صوبوں کو اختیارات منتقل کئے۔ کیا صوبوں نے نچلی سطح تک اختیارات اور وسائل منقل کئے ، نہیں کئے اس پر بات کرنی ہے ۔ اس موقع پر ایم کیوایم کے رہنماء اور وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی مسائل اور مفادات کے حوالے سے ہماری پالیسی واضح ہے ، ہم حکومت کے ساتھ غیرمشروط تعاون کرتے رہے ہیں اور کرتے رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی اور سندھ کے دیگر علاقوں میں عوام کو درپیش مسائل حل کرنے کی ضرورت ہے ، معیشت بہتر ہورہی ، کراچی ملکی معیشت کا انجن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو ہمارا تعاون جاری رہے گا۔








